145

کراچی: بھتہ نہ دینے پر ہنگامہ، 1 شخص ہلاک، جوابی فائرنگ سے بھتہ خور مارا گیا

کراچی کے علاقے لیاری میں بھتہ نہ دینے پر گینگ وار کے کارندوں نے بلڈر کے بیٹے کی جان لے لی، ہوٹل پر کی گئی فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد زخمی بھی ہوئے، علاقہ مکینوں کی جوابی فائرنگ سے ایک بھتہ خور ہلاک، دوسرا زخمی۔

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ایک بار پھر بھتہ خور سر اٹھانے لگے۔ لیاری میں مقامی بلڈر کے بیٹے نے بھتہ دینے سے انکار کیا تو گینگ وار ملزمان نے گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ سے رئیس موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ موقع پر موجود مقتول کے رشتے داروں نے ملزمان کا تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ کر دی جس سے ملزم فضل داد ہلاک اور اس کا بھائی مبین عرف بوبی زخمی ہو گیا۔

اس سے پہلے بھی سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کراچی میں انٹرنیشنل بھتہ خور گروپ کے سرگرم ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ تاجروں کو بینکاک، ایران اور دبئی سے بھتے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے استاد تاجو، جمیل چھانگا اور سلیم چاکلیٹی کا نیٹ ورک بیرون ملک سے بیٹھ کر نیٹ ورک چلا رہا ہے۔