66

بالائی علاقوں میں شدید برفباری ٗ5افراد جاں بحق،سیا ح محصور

اسلام آباد۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر کے پہاڑوں پر دوسرے روز بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ، ملکی بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد نظام زندگی مفلوج، سیاح پھنس گئے،مختلف واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے،بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو گیا ،لوئر دیرکے علاقوں شاہی، بن شاہی اور مسکینی درہ کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق گلیات اور نتھیا گلی میں شدید برفباری کے باعث راستے بند ہوگئے اورسیاح پھنس گئے ہیں، کاغان میں بھی کئی مقامات پر راستے بند ہیں جب کہ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے، آزاد کشمیر میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکوں کی بندش سے لوگ گھروں تک محصور ہیں ۔مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، لوئر دیر، دیر بالا، صوابی کے بالائی علاقوں مہابن اور بیرگلی میں دوسرے روز بھی مسلسل برف گر رہی ہے۔

لوئر دیرکے علاقوں شاہی، بن شاہی اور مسکینی درہ کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا۔پی ڈی ایم اے(پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی)کے مطابق مردان کے علاقے باغیچہ ڈھیری میں گھر کی چھت گرنے سے ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوا جب کہ پشاور کے لال کرتی میں گھر کی چھت گرنے سے 2 کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔لوئر دیر کے نواحی گاوں ہاشم میں موسلادھار باش سے مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور بچی زخمی ہوگئی۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں بیشتر شاہراہیں بند ہیں، تمام اضلاع کو حفاظتی اقدامات کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ اپر دیر میں لواری ٹنل کے قریب اب تک 5 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، سوات کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے لوگ گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے۔ایبٹ آباد کے بالائی علاقوں نتھیا گلی اور گلیات میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل برفباری کی وجہ سے ایبٹ آباد سے نتھیا گلی جانے والی سڑک کالا باغ کے مقام پر اور نتھیا گلی سے مری جانے والی سڑک بند ہے۔

سڑکوں کی بندش کے باعث ایوبیہ، نتھیا گلی اور ڈونگا گلی میں سیاح پھنسے ہوئے ہیں جہاں اب تک 3 فٹ برف پڑچکی ہے۔اپر ہزارہ ڈویژن میں بارش اور برفباری جاری ہے، شاہراہ کاغان راجوال کے قریب ٹریفک کے لئے بند ہے، نواز آباد روڈ بھی کئی مقامات پر بند ہے اور مسلسل گرتی برف نے بجلی اور ٹیلی فون کے نظام کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔

آزاد کشمیر میں وادی لیپہ، وادی گریز، وادی سرگن، وادی جاگراں، وادی شونٹھر، شاردہ ،کیل، حویلی اور وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے۔برف باری کے باعث کریلا سیترکنڈی روڈبند ہے جس کی وجہ سے درجنوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔