436

عید پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عیدالفطر کے موقع پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے عید گاہ ٗ مساجد ٗ تفریحی مقامات اور بازاروں کی سکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر 3 ہزا ر سے زائد پولیس اہلکار تعینات کردےئے گئے کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے دفترسے جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق شہر بھر کے تمام عید گاہوں اور حساس مساجد سمیت تفریحی مقامات، اہم دفاتر، بازاروں اور بس سٹینڈز کے علاوہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے تقریباً 3000 سے زائدافسران و اہلکاران تعینات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سنیفرڈاگ، لیڈیز پولیس اہلکاراور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں بھی گشت کریں گی اعلامیہ کے مطابق تمام اہم بازاروں میں گھڑ سوار اہلکاروں کے علاوہ سپیشل کمبیٹ یونٹ کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے عید گاہوں اور تمام حساس مساجد میں باوردی اہلکاروں کے علاوہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے تمام ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو سکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور عیدالفطر کے دوران امن و امان کو بر قرار رکھنے کی خاطر ضروری اقدامات کرنے اور سماج دشمن عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔