77

سعودی عرب میں 2 پاکستانی مزدور جاں بحق ، 3 زخمی 


جدہ ۔سعودی عرب میں سرکاری ہسپتال کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے کے باعث 2 پاکستانی مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع معروف سرکاری ہسپتال کنگ سعود میڈیکل کمپلیکس کے اولڈ لیب بلڈنگ کے ایک پرانے حصے کو توڑنے کا عمل جاری تھا کہ ملبہ مزدوروں پر آگرا۔محکمہ شہری دفاع کے حکام کے مطابق اچانک عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پاکستانی جاں بحق اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ ہسپتال کے اس حصے کو پہلے ہی خالی کرالیا گیا تھا اور اسے گرانے کا عمل جاری تھا لہذا اس کے گرنے سے ہسپتال کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔کنگ سعود میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ترکی النفیسہ نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی جبکہ سول ڈیفنس اور پولیس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔