بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بچے مستقبل کے معمار ، انکو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، نوازشریف

بچے مستقبل کے معمار ، انکو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، نوازشریف


اسلام آباد۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں ، ان کو تعلیمی وسفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں،سکولوں کی عمارتیں بہتر اور تعلیمی نظام معیاری ہونا چاہیے، میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے،پاکستان کو تعلیم سمیت ہر لحاظ سے مضبوط بنائیں گے، پاکستان میں رہتے ہوئے یا باہر جاتے ہوئے پاکستانی اپنے ملک پر فخر محسوس کرینگے ،اسلام آباد سے گندگی کے ڈھیر ختم ہونے چاہیں، اسلام آباد کو تعلیمی لحاظ سے ماڈل شہر بنائیں گے ۔بدھ کو سکولوں کو بسیں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں اور یہاں ہم سب من کے سچے بیٹھے ہیں ، یہ معصوم بچے نوازشریف کی جان ہیں ، مجھے ان پر فخر ہے اور دعا ہے کہ اللہ ان سب سے آگے چل کر ملک کی خدمت کرنے کام لے ،انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہو اور آپ مستقبل کے معمار ہیں ، انشاء اللہ اب پاکستان کو مضبوط بنائیں گے ، ہم جو کچھ کررہے ہیں آپ اس سے سو گنا زیادہ کریں گے ۔

اس لئے ہم سکول تعمیر کررہے ہیں اور تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ آپ اچھی تعلیم حاصل کرسکیں اور آپ کی سہولت کے لئے بسیں دی جارہی ہیں تاکہ آپ سکول میں داخل ہوں تو آپ کو مزہ آئے ، ان بسوں میں آپ سکول جائیں یا سکول سے واپس آئیں تو آپ اس سفر سے مزہ لیں اور سکول سے فارغ التحصیل ہو کر آپ کرسی پر کام کر نے بیٹھیں تو آپ کو اس کا بھی مزہ آنا چاہیے ، پاکستان میں رہتے ہوئے یا باہر جاتے ہوئے آپ پاکستان پر فخر محسوس کرینگے ، آج والدین خوش ہیں کہ ان کے بچے ان بسوں میں بیٹھ کر سکول جائیں گے وہ عام ویگنوں میں آپ کو سکول نہیں بھیجنا چاہتے ،وزیراعظم نے کہاکہ میں نے مریم نواز کو کہا تھا کہ سکولوں کی عمارتیں بہتر اور تعلیمی نظام معیاری ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ طارق فضل چوہدری کو کہتا ہوں کہ میرٹ پر کام ہونا چاہیے ، سکول میں بچوں کے داخلے سے لے کر اساتذہ کی تقرری تک تمام کام میرٹ پر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 422سکولوں کے لئے 422بسیں ہونی چاہیے ،ان بسوں کی پہلی کھیپ پہنچ چکی ہے اور 130بسیں مزید بھی فراہم کی جائیں گی اور بچیوں کے سکولوں میں یہ بسیں سب سے پہلے دینی چاہیے تاکہ وہ مسائل کا شکار نہ ہوں۔

اسلام آباد تعلیمی لحاظ سے ملک کے لئے ماڈل شہر ہونا چاہیے ، انہوں نے کہاکہ میں نے اسلام آباد کے نظام کو بھی ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد سے گندگی کے ڈھیر ختم ہونے چاہیں ، سڑکیں صاف ستھری ہونی چاہیے تاکہ آنے والے وقت میں اسلام آباد دنیا بھر کا خوبصورت اور بہترین شہر بن سکے۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز بچوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور مجھے خصوصی بچوں کی کارکردگی پر دلی مسرت ہوئی ، یہ تمام بچے بچیاں میرے دل کی دھڑکن ہیں اور آپ کے بہتر مستقبل کے لئے ہم جتنا کرسکے اتنا کریں گے ،ہمارے وزیر ، مشیر آپ کے سکولوں میں آئیں گے اور دیکھیں گے کہ بچوں کے سکول اور تعلیمی نظام میں کس قدر بہتری آئی ہے ، نظام ٹھیک ہو جائے تو ہم خود آپ کے سکولوں میں آئیں گے ۔ان نو نہالوں کو اللہ خوشیاں نصیب فرمائے اور ساتھ میں اللہ ان کے والدین کو بھی خوش رکھے ۔آخر میں نوازشریف نے بچوں کیساتھ یک آواز ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور وزیراعظم نے بس کی چابی بچوں کے حوالے کی ، اس موقع پر غبار بھی ہوا میں چھوڑے گئے ، وزیراعظم نے بچوں کیساتھ ملکر بس کی شکل کا کیک بھی کاٹا اور بس کا معائنہ بھی کیا جس میں مریم اورنگزیب ، طارق فضل چوہدری اور بچے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔