بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / ہوشیار رہیں، پیس میکر بھی ہیک ہوسکتے ہیں

ہوشیار رہیں، پیس میکر بھی ہیک ہوسکتے ہیں

بوسٹن۔ ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیش رفت کی بہ دولت بہت کچھ ’ اسمارٹ ‘ ہوگیا ہے۔ ’اسمارٹ‘ کی اصطلاح ان برقیاتی آلات کے لیے استعمال ہوتی ہے جو مختلف وائرلیس پروٹوکولز جیسے بلوٹوتھ، وائی فائی، تھری جی، این ایف سی (Near field Communication) وغیرہ کے ذریعے دوسرے برقیاتی آلات یا نیٹ ورک سے منسلک ہوں۔

اسمارٹ فون کے بارے میں تو آپ پڑھتے اور سنتے ہی رہتے ہیں۔ موبائل فون کے علاوہ ویڈیو ٹیلی ویژن، ریفریجریٹر، گھڑیاں، دستی کڑوں سمیت متعدد اشیاء ’ اسمارٹ ‘ ہوچکی ہیں۔ ’ اسمارٹنیس ‘ کا جنون تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور مختلف آلات اسمارٹ ہوتے چلے جارہے ہیں۔ ان میں طبی آلات بھی شامل ہیں۔ انسولین پمپ حتیٰ کہ دل کی دھڑکنوں کو اعتدال پر رکھنے والا پیس میکر بھی اسمارٹ ہوگیا ہے۔

دل کی دھڑکنوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے اس آلے کا استعمال عشروں سے کیا جارہا ہے۔ پیس میکر لگائے جانے کے بعد دل کی حالت کا اندازہ کرنے کے لیے ڈاکٹر کے پاس جا کر باقاعدہ طبی معائنہ کروانا ضروری ہوتا ہے۔ تاہم بعض اوقات مصروفیات یا کسی اور وجہ سے ڈاکٹر کے پاس جانے کا وقت نہیں نکل پاتا۔ یوں بھی ہوتا ہے کہ دل کی حالت یا پیس میکر میں واقع ہونے والی معمولی خرابی سے مریض بے خبر رہتا ہے۔ انھی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسمارٹ پیس میکر بنایا گیا جو خودکار طور پر دل کی حالت سے متعلق معلومات ڈاکٹر کو ارسال کرتا رہتا ہے۔