بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نوازشریف اور آصف زرداری اگلے انتخابات میں اتحادی ہوں گے،شیخ رشید

نوازشریف اور آصف زرداری اگلے انتخابات میں اتحادی ہوں گے،شیخ رشید

اسلام آباد۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 2017کو ملکی سیاست کا اہم ترین سال قرار دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف 2018کے انتخابات میں اتحادی ہوں گے۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر زرداری اور نواز شریف کی تقریر کو دیکھا جائے تو وہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر بھاری ہیں، لہذا بلاول کو چاہیئے کہ اپنی والدہ اور نانا کی سیاست کو زندہ کریں، ورنہ ان کے لیے خود سیاسی طور پر زندہ رہنا مشکل ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جب زرداری نوازشریف سے ملیں گے تو وہ ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر مقدمات میں خود کو پرسکون محسوس کرتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ اتحاد میں شامل کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زردای کے پاس اس وقت 2آپشنز موجود ہیں، جن میں پہلا آپشن سندھ میں پیپلز پارٹی کو مکمل آزادی دینا، جبکہ دوسرا آپشن پنجاب میں ن لیگ سے نشستیں حاصل کرنا ہے تاکہ اپنے لوگوں کو واپس لا سکیں۔انھوں نے دعوی کیا کہ یہ سال سیاسی لحاظ سے بہت ہی دلچسپ ثابت ہوگا اور جب پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا آپس میں اتحاد قائم ہوگا تو جمیعت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی اس میں شامل ہوجائیں گے تاکہ سیاست کا دائرہ خیبر پختونخوا تک پھیلایا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو سال کا صرف آغاز ہوا ہے، آئندہ مہینوں میں ملکی سیاست اپنے عروج پر ہوگی۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں جاری پاناما لیکس کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے پیش گوئی کی کہ ن لیگ کی حکومت چاہے کچھ بھی کرلے، لیکن احتساب سے نہیں بچ سکتی اور جلد عدالت سے کرپشن کا جنازہ نکلے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کیس میں قطری شہزادے کے خط نے نہ صرف حکومت بلکہ ہر پاکستانی کو بدنام کیا ہے، تاہم اگر نواز شریف کمائی کو جائز ثابت کردیں تو وہ اپنا کیس واپس لے لیں گے۔