بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش،حادثات میں 5 افراد جاں بحق ،9 زخمی

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش،حادثات میں 5 افراد جاں بحق ،9 زخمی

کراچی ۔ کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ ہفتہ کے روز بھی جاری رہا ،ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث مختلف حادثات میں5افراد جاں بحق جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث حادثات میں 5افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کر اچی میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس وقت درجہ حرارت14ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا ہے۔

جبکہ شہر قائد میں جمعہ سے اب تک 10.6ملی میٹرریکارڈبارش ریکارڈ کی گئی ہے۔کراچی میں ہفتے کے روز وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہوا گیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کے دھنس جانے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل واقع ہو رہا ہے، شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ سمیت کراچی کی بڑی اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہری ٹریفک جام میں پھنسے رہے اس موقع پر ٹریفک اہلکار سڑکوں سے غائب رہے۔

دوسری جانب مئیر کراچی وسیم اختر نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بلدیہ کراچی کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور بلدیہ کے افسران کو فوری طور پر نکاسی آب کے کاموں کی خود نگرانی کرنے کا حکم دیا۔علاوہ ازیں کے لیکٹرک کے ترجمان کا کہناہے کہ بارش کے باعث شہر میں 20کے قریب فیڈرز بندہیں،متاثرہ فیڈرز سے بجلی کی سپلائی کی بحالی کے لیے عملہ کام کیا جا رہا ہے ۔