بریکنگ نیوز
Home / کھیل / دورہ بھارت کے لیے آسٹریلیا کا اسپنرز پرانحصار

دورہ بھارت کے لیے آسٹریلیا کا اسپنرز پرانحصار

سڈنی۔ آسٹریلیا نے آئندہ ماہ دورہ بھارت کیلیے اسپنرز پر انحصار کرلیا، کینگروز 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کیلیے کوہلی الیون کا سامنا کریں گے۔

آسٹریلیا کو بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتے ہوئے 13 برس بیت چکے ہیں، یہاں پراس سے قبل مہمان ٹیم نے 2004 میں سیریز اپنے نام کی تھی، گذشتہ ٹور میں آسٹریلیا کو وائٹ واش کا سامنا رہا تھا، تاہم آسٹریلیا نے اس بار دورہ بھارت کیلیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں حیران کن طور پر 4 اسپنرز کو دستے کا حصہ بنایا تھا، نوجوان لیگ اسپنر مچل سوئپسن پہلی بار ملک کی نمائندگی کیلیے منتخب ہوئے ہیں، ان کے علاوہ ایشٹون ایگر، اسٹیو اوکیف اور گلین میکسویل بھی اسپن کے شعبے میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، تاہم غیرمتوقع طور پر ریگولر اسپنر ناتھن لیون بھارت جانے کا ٹکٹ حاصل نہیں کرپائے ہیں۔

آسٹریلین اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے سلیکٹر ٹریور ہونز نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ بھارت میں وکٹیں کس نوعیت کی ہوں گی لیکن ہم مکمل تیاری کے ساتھ جانا چاہتے ہیں تاکہ ہمارے پاس تمام آپشنز دستیاب ہوں، نوجوان اسپنر مچل سوئپسن کو منتخب کرنے پر انھوں نے کہا کہ بھارتی کنڈیشنز 23 سالہ لیگ اسپنر کیلیے موزوں ہوں گی اور انھیں اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا موقع ضرورملے گا، آل راؤنڈرگلین میکس ویل کو بھی ٹیم کا حصہ بنالیاگیا ہے جب کہ انجری سے صحتیابی کے بعد مچل مارش اور شان مارش کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوگئی ہے۔