بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشنز میں 5کمانڈروں سمیت 50شدت پسند ہلاک

افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشنز میں 5کمانڈروں سمیت 50شدت پسند ہلاک

کابل۔افغان سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں 5کمانڈروں سمیت 50شدت پسند ہلاک اور18زخمی ہوگئے جبکہ داعش نے مذہبی سکول کے 13اساتذہ کو اغواء کرلیا۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق سیکورٹی فورسزکے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں طالبان کے سینئر کمانڈر سمیت 21جنگجو ہلاک ہوگئے ۔وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں سیکورٹی فورسز نے ملک دشمن عناصر کے خلاف انسداد دہشتگردی آپریشنز کیے ہیں جن میں 21طالبان جنگجو مارے گئے جن میں ایک سینئر کمانڈر بھی شامل ہے ۔

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ آپریشز صوبہ کپیسا،پروان،ارزگان اور خوست میں کیے گئے ۔آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔دریں اثناء وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں سیکورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشنز میں 4مقامی کمانڈروں سمیت 29شدت پسند ہلاک اور 18زخمی ہوگئے ۔جوائنٹ آپریشنز میں افغان نیشنل سیکورٹی اور ڈیفنس فورسز نے حصہ لیا۔

دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار میں داعش نے مدرسے کے 13اساتذہ کو اغواء کرلیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع ہیسکا مینا میں پیش آیا جہاں داعش کے جنگجوؤں نے دیہ بالا کے علاقے میں واقع ایک مذہبی سکول پر دھاوا بول دیا اور 13اساتذہ کو اغواء کرکے نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ۔گزشتہ روز داعش نے 65شہریوں کے گھروں کو نذرآتش کردیا تھا۔