بریکنگ نیوز
Home / کھیل / مچل سٹارک، مچل مارش، اور کرس لین تیسرے میچ سے باہر

مچل سٹارک، مچل مارش، اور کرس لین تیسرے میچ سے باہر

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فاسٹ بولر مچل سٹارک اور آل راؤنڈر مچل مارش پاکستان کے خلاف جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔ سیریز کا تیسرا میچ جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

ان کے علاوہ نوجوان بلے باز کرس ِلن بھی گردن میں تکلیف کے باعث پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ آسٹریلوی بورڈ کے مطابق ٹیم کے مرکزی فاسٹ بولر مچل سٹارک کو مسلسل کھیلنے کے بعد آرام کی ضرورت ہے جبکہ مچل مارش کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ مچل سٹارک سیریز کے چوتھے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پچیس سالہ مچل مارش پاکستان کے خلاف جاری سیریز میں اب مزید حصہ نہیں لیں گے لیکن ان کا نام اگلے ماہ کے دورہ انڈیا کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں شامل ہے۔ مڈل آرڈر کے بلے باز پیٹر ہینڈزکومب کو ایک روزہ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ مچل مارش کے متبادل کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی میلبورن میں کھیلے جانے والے میچ میں جیت کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔