بریکنگ نیوز
Home / صحت / ورزش کیجیے سوزش مٹائیے

ورزش کیجیے سوزش مٹائیے


سان ڈیاگو۔ جہاں ورزش کے بے شمار فوائد ہیں وہیں اب نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ورزش جسم کے کسی حصے میں جلن اور سوزش (انفلیمیشن) کو کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔

طبی ماہرین سوزش کو بہت خطرناک تصور کرتے ہیں کیونکہ یہ کئی امراض کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے جن میں امراضِ قلب سے لے کر کینسر تک شامل ہیں۔ اس سے قبل ورزش کو ذیابیطس اور امراضِ قلب کو روکنے ، میٹابولزم ٹھیک کرنے اور پٹھوں و عضلات کی مضبوطی میں اہم تصور کیا جاتا رہا ہے لیکن اب تحقیق سے واضح ہوا ہے کہ ورزش جسمانی جلن کو بھی کم کرتی ہے اورجسم کے قدرتی دفاعی نظام کو بہترحالت میں رکھتی ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا نے اپنی ایک رپورٹ برین، بیہیویئر اینڈ امیونٹی نامی جرنل میں شائع کرائی ہے، جس میں بتایا ہے کہ روزانہ 20 منٹ کی ورزش بھی آپ کے لیے کرشماتی اثررکھتی ہے۔ یونیورسٹی کی ماہرسوزی ہونگ نے نوٹ کیا ہے کہ ورزش سے جسم کا سمپیتھیٹک نروس سسٹم سرگرم ہوجاتا ہے جو جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے۔ یہ نظام دل کی دھڑکن بڑھاتا ہے اور بلڈ پریشر اور سانس کو بھی تیز کرتا ہے ۔ جسمانی ورزش اس نظام کو مؤثر بناتی ہے۔