بریکنگ نیوز
Home / بزنس / تجارت بڑھانے کیلیے سی پیک میں شامل ہونا چاہتے ہیں، جرمنی

تجارت بڑھانے کیلیے سی پیک میں شامل ہونا چاہتے ہیں، جرمنی

 اسلام آباد۔ پاکستان میں جرمنی کی سفیراینا لیپل نے کہا ہے کہ جرمنی کی کمپنیاں پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات بہتربنانے کیلیے سی پیک میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔

جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے اپنے خیالات کا اظہار مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ جرمنی کے دفاعی اتاشی کرنل کلاس ولہم Klaus Wilhelm بھی سفیرکے ہمراہ تھے، ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اورانہیں مزید بہتر بنانے کے معاملات پرتبادلہ خیالات کیاگیا۔ملاقات میں علاقائی سلامتی اوراستحکام کے معاملات بھی بات چیت کی گئی۔

جرمن سفیرنے کہا کہ پاکستان اورجرمنی کے تعلیم اوراقتصادی شعبوں میں اچھے تعلقات ہیں اوراس بنیاد پرمشترکہ چیلنجزسے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر جرمنی ہے اور جرمنی کی کمپنیاں تجارتی تعلقات میں اضافہ کیلیے سی پیک میں شامل ہوناچاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے انسانی وسائل کی ترقی، سیکیورٹی، تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زوردیا۔