بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی کینگروز نے شاہینوں کے پَرکاٹ دیے

ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی کینگروز نے شاہینوں کے پَرکاٹ دیے


سڈنی۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

سڈنی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 86 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی، آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا لیکن انجری کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہونے والے کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور دوسرے ہی اوور میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد شرجیل اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شرجیل خان نے 47 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز بنائے اور ایڈم زمپا کو چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 40 گیندوں  پر 40 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 47 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پاکستان کی پوری ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا ، عثمان خواجہ 30 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اپنی 12 ویں سنچری مکمل کی اور 119 گیندوں پر 130 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اسٹیون اسمتھ نے بھی 49 رنز بنائے۔