بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان کا زمین سے زمین پر2200کلو میٹر تک مار کر نے والے ابابیل میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا زمین سے زمین پر2200کلو میٹر تک مار کر نے والے ابابیل میزائل کا کامیاب تجربہ


راولپنڈی۔ پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کر نے والے ابابیل میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔منگل کوڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کر نے والے بیلسٹک میزائل ’’ابابیل ‘‘کا کامیاب تجربہ کیا ہے ٗ صدر مملکت ممنون حسین ٗ وزیر اعظم نواز شریف ٗ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے اہم کامیابی پر میزائل تیاری میں شریک ٹیم اور افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ابابیل میزائل کی زیادہ سے زیادہ رینج 2200کلو میٹر ہے۔یہ میزائل ملٹی پل انڈیپنڈنٹ ری انٹری وہیکل (ایم آئی آر وی )ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے مختلف قسم کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔میزائل تجربے کا مقصد ویپن سسٹم کے ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرزکو جانچنا تھا ۔

بیان کے مطابق ابابیل میزائل جوہری وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشمن کے ریڈار پر دکھائی دیئے بغیر انتہائی کامیابی سے کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ابابیل میزائل کی تیاری سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا ۔چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ٗ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ٗ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور چیف آف ایئر سٹاف ائیر چیف مارشل سہیل امان نے سائنسدانوں اور انجینئروں کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ صدرمملکت ممنون حسین ٗ وزیر اعظم نواز شریف نے میزائل کی تیاری میں شریک ٹیم اور پاکستان کی مسلح افواج کی اس اہم کامیابی کو سراہا ہے ۔