بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / قومی اسمبلی ،ہنگامے کے ممکنہ خطرات کے باعث کارروائی نہ ہوسکی،اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی

قومی اسمبلی ،ہنگامے کے ممکنہ خطرات کے باعث کارروائی نہ ہوسکی،اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی


اسلام آباد ۔ قومی اسمبلی میں جمعرات کو ہونے والی شدید ہنگامہ آرائی اور دنگل کے اثرات اور خوف کے سائے جمعہ کو بھی ایوان میں منڈلاتے رہے، ایک اور ہنگامے کے ممکنہ خطرات کے باعث جمعہ کو اجلاس کی کارروائی نہ ہوسکی جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمعرات کو ایوان میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے۔ قاید ایوان اور اراکین کے بارے میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے جو الفاظ استعمال کئے گئے ان سے ایوان کا تقدس مجروح ہوا اس طرح ایوان نہیں چلایا جاسکتا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت پر سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا تو تلاوت اور نعت رسول ؐ کے بعد سپیکر نے کہا کہ گزشتہ روز ایوان میں جو واقعہ پیش آیا وہ افسوسناک تھا۔ اراکین اور قائد ایوان کے لئے جو الفاظ استعمال ہوئے ان سے ایوان کا تقدس مجروح ہوا۔ اس طرح ایوان نہیں چلایا جاسکتا۔

تمام پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق مرتب کرنا ہے۔ اس کے لئے تمام پارلیمانی لیڈروں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے کہ اجلاس کیسے چلانا ہے۔ سپیکر نے اجلاس تیس منٹ کیلئے ملتوی کیا بعد ازاں پینل آف چیئرمین کے رکن چوہدری محمود بشیر ورک کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا تو انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کا ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کے لئے پارلیمانی لیڈروں کا اجلاس جاری ہے اس لئے ایوان کا اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کیا جاتا ہے۔