بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / میکسیکو کو امریکا پر سوار نہیں ہونے دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

میکسیکو کو امریکا پر سوار نہیں ہونے دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن ۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک میکسیکو اپنی حماقتوں کی وجہ سے ہم پر سوار ہوا اور امریکا پرغالب آنے کی کوشش کی مگر ہم ایسا بار بار نہیں ہونے دیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم تھیریسا مے کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم امریکا کو ایسا ملک نہیں بننے دیں گے جس کے اپنے لوگ پڑوسیوں کی وجہ سے بے روزگار رہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے اور میکسیکو کے صدر نے سرحد پر دیوار کی تعمیر کے حوالے سے کسی قسم کی بیان بازی سے گریز برتنے سے اتفاق کیا ہے۔

برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکل جانے سے ہمارے باہمی تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یورپی یونین سے اخراج برطانیہ کے لیے شاندار ہوگا اور امریکا برطانیہ کے ساتھ خصوصی تعلقات قائم رکھے گا۔روس پر پابندیوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نو منتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس کے خلاف کوئی اقدام قبل از وقت ہوگا تاہم برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے روس پر پابندیاں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔گرفتار کیے گئے مشتبہ شدت پسندوں سے راز اگلوانے کے لیے ان پر تشدد کے بدترین حربے آزمانے کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس بارے میں وہ فیصلے کا اختیار وزیر دفاع جیمز ماٹیس کو سپرد کریں گے جو یہ فیصلہ کریں گے کہ امریکا میں قیدیوں پر تشدد کے حربے استعمال کرنے ہیں یا نہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وزیر دفاع ماٹیس کہہ چکے ہیں کہ وہ قیدیوں پر تشدد اور واٹر بورڈنگ جیسے پرتشدد حربوں کے استعمال کے حق میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر دفاع سے کہا ہے کہ ایسا کرنا ضروری نہیں مگر میں نے ساتھ ان پر واضح کیا اس بارے میں انہیں کوئی بھی فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار ہے۔امریکا کے دورے پر آئی برطانوی وزیراعظم تھریسا نے بھی قیدیوں پر تشدد کے ظالمانہ حربوں کے استعمال کی مذمت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں پر تشدد کی مخالفت جس طرح میں آپ کے سامنے کررہی ہوں امریکی صدر کے سامنے بھی ایسے ہی مخالفت کروں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں داعش کے خلاف جنگ کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کروں گی۔