بریکنگ نیوز
Home / شوبز / فرانسیسی حسینہ نئی مس یونیورس بن گئیں

فرانسیسی حسینہ نئی مس یونیورس بن گئیں

منیلا۔ اس سال مس یونیورس کا تاج فرانسیسی حسینہ آئرس متنائرے کے سر پر سج گیا ہے جنہوں نے اس مقابلے کے آخری راؤنڈ میں دیگر 12 حسیناؤں پر واضح برتری حاصل کی۔

مس یونیورس کا تاج پہننے کے بعد آئرس متنائرے کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز لوگوں کی مدد کرنے کےلئے ہے۔ واضح رہے کہ اس سال مس یونیورس کا مقابلہ فلپائن کے شہر منیلا میں منعقد ہوا تھا جس کے فائنل میں 13 حسیناؤں نے جگہ بنائی تھی۔

شمالی فرانس کی متنائرے کا تعلق میڈیکل میں دانتوں کی صحت کے شعبے سے ہے اور وہ پوری دنیا میں منہ کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کےلئے مہم چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اس سال مس یونیورس مقابلے کی خاص بات یہ تھی کہ لوگ آفیشل ویب سائٹ اور ٹوئٹر کے علاوہ ایک ایپ کی مدد سے بھی اپنی پسندیدہ حسینہ کو ووٹ دے سکتے تھے اور اپنی رائے کا اظہار کرسکتے تھے جبکہ اس بار فائنل راؤنڈ کےلئے 12 کی جگہ 13 حسیناؤں کو منتخب کیا گیا تھا۔

مس ہیٹی (ریکویل پیلیسیئر) اور مس کولمبیا (اینڈریا ٹیور) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں جبکہ فائنل میں پہنچنے والی باقی حسیناؤں کا تعلق کینیا، انڈونیشیا، میکسیکو، پیرو، پاناما، فلپائن، کینیڈا، برازیل، تھائی لینڈ اور امریکا سے تھا۔