بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عوام کو طویل عرصے تک ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ‘ نواز شریف

عوام کو طویل عرصے تک ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ‘ نواز شریف

اسلام آباد۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو طویل عرصے تک ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ‘ عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے‘ وفاقی حکومت پورے ملک میں صحت پروگرام پر عمل درآمد یقینی بنائے گی‘ وسائل کی کمی کو پروگرام کی راہ پر حائل نہیں ہونے دیں گے‘ پروگرام کی کامیابی کے لئے اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے‘ اقتصادی اور سماجی محاذوں پر اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کرنا ہوں گی۔ پیر کو قومی صحت پروگرام پر عمل درآمد سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے۔ عوام کو طویل عرصے تک ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا۔

اقتصادی اور سماجی محاذوں پر اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین صلاحیتوں کے ذریعے ہی قوم کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نادار افراد کو جامع پیکج کے ذریعے صحت کی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ بیماریاں اور غربت نادار خاندانوں کے لئے مہلک ثابت ہوتی ہیں۔ وزیراعظم نے وزارت صحت کو ہدایت کی کہ ہیلتھ کیئر پروگرام کو پورے ملک میں پھیلایا جائے۔ صحت پروگرام میں مانیٹرنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے۔ پروگرام پر عمل درآمد میں غفلت کسی صورت برداشت نہ کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں صحت پروگرام پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ خیبرپختونخوا اور سندھ کے پسماندہ علاقے بیماریوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ بیماریوں کی وجوہات غربت اور صحت کی سہولتوں کی عدم رسائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے سرکاری وسائل کے استعمال کو یقینی بنائیں گے۔ وسائل کی کمی کو پروگرام کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔ پروگرام کی کامیابی کے لئے اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم کا قومی صحت پروگرام گیارہ اضلاع میں شروع ہوچکا ہے۔ اسلام آباد‘ کوئٹہ‘ لسبیلہ‘ لورالائی اور مظفر آباد میں صحت پروگرام شروع ہوچکا ہے۔ کوٹلی‘ سکردو‘ دیامر‘ رحیم یار خان‘ خانیوال‘ نارووال بھی پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔ اب تک آٹھ لاکھ خاندان صحت پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔ مختلف بیماریوں میں مبتلا بارہ ہزار سے زائد افراد کا علاج کیا جارہا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر نادار خاندانوں کو علاج کی مفت سہولتیں دی جارہی ہیں۔ اجلاس میں وزیر مملکت صحت سائرہ افضل تارڑ‘ مریم نواز شریف ‘ طارق فاطمی اور دوسرے سینئر حکام نے شرکت کی۔