بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / ٹرمپ کو برطانیہ کے دورے سے روکنے کی درخواست پر 10 لاکھ دستخط

ٹرمپ کو برطانیہ کے دورے سے روکنے کی درخواست پر 10 لاکھ دستخط


لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ان کے فیصلے دنیا بھر میں متنازعہ شکل اختیار کرچکے ہیں اور جہاں امریکا میں ان کے خلاف احتجاج جاری ہے وہیں برطانوی شہریوں نے بھی امریکی صدر کا دورہ برطانیہ روکنے کے لیے درخواست پر 10 لاکھ دستخط کردیئے ہیں۔

امریکی صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف برطانوی وکیل گراہم گیسٹ نے ایک مہم کا آغاز کیا جس کے لیے امریکی صدر کا سرکاری دورہ برطانیہ روکنے کے لیے نومبر کے آخر میں حکومتی اور پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر ایک درخواست ڈالی گئی۔

درخواست میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو برطانیہ آنے کی اجازت ہے لیکن ان کے سرکاری دورے سے ملکہ برطانیہ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین سے بد تمیزی اور بد تہذیبی سے متعلق دستاویزی ثبوت انہیں اس بات کا اہل نہیں بناتے کہ ملکہ برطانیہ یا پرنس آف ویلز ان کا استقبال کریں لہٰذا ٹرمپ کو بطور صدربرطانیہ کا سرکاری دورہ کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

امریکی صدر کے خلاف درخواست پر صرف 372 لوگوں نے ہی دستخط کیے تھے لیکن چند روز قبل ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلمان ممالک کے پنگاہ گزینوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگانے کے بعد لوگوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے اور ان کے اس فیصلے کے بعد درخواست پر اب تک 10 لاکھ سے زائد لوگ دستخط کرچکے ہیں اور اس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور عراق سمیت 7 مسلم ممالک کے پناہ گزینوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی جسے بعد ازاں امریکی سپریم کورٹ نے معطل کردیا تھا۔