بریکنگ نیوز
Home / کھیل / بہترین ٹیسٹ ٹیم میں ایک پاکستانی کرکٹر شامل

بہترین ٹیسٹ ٹیم میں ایک پاکستانی کرکٹر شامل

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے شروع کیے گئے سلسلے کے تحت انٹرنیشنل کرکٹرز کی جانب سے آج کل اپنی اپنی بہترین ٹیسٹ الیون کا اعلان کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں سابق انگلش اسپنر گریم سوان نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ لیکن سابق انگلش اسپنر کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم میں موجودہ دور کا صرف ایک کھلاڑی انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن ہی شامل ہے۔

اس ٹیم میں سب سے زیادہ چار آسٹریلین، تین ویسٹ انڈین اور تین انگلش کھلاڑی شامل ہیں جبکہ کوئی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی اس فہرست کا حصہ نہیں۔

گریم سوان نے سابق عظیم انگلش بلے باز سر جیک ہوبس اور گورڈن گرینج کا بحیثیت اوپنر انتخاب کیا ہے اور ون ڈاؤن پر کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے باز سر ڈان بریڈ مین موجود ہیں۔ چوتھے نمبر پر برائن لارا، پانچویں پر کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عظیم ہندوستانی بلے باز سچن ٹنڈولکر ہیں جبکہ چھٹے پر بہترین آل راؤنڈر سر گارفیلڈ سوبرز موجود ہیں۔

گریم سوان نے وکٹ کیپر کیلئے ایڈم گلکرسٹ کا چناؤ کیا جبکہ اسپنر کے طور پر شین وارن اور حیران کن طور پر سری لنکن اسپنر متیاہ مرلی دھرن کے بجائے خود اپنا انتخاب کیا ہے۔ سوان نے فاسٹ باؤلر کے طور پر پہلا انتخاب گلین میک گرا کیا ہے اور دوسرا نام عظیم پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا ہے۔ اسکواڈ میں شامل 12ویں کھلاڑی جیمز اینڈرسن ہیں۔