بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کل بھوشن یادیو کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، سرتاج عزیز

کل بھوشن یادیو کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، سرتاج عزیز


اسلام آباد۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ’’را‘‘ کے گرفتار ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو بھارت کے حوالے کرنے کے امکان کو یکسر مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اب اس کے خلاف مقدمہ بھی چلے گا۔جمعہ کو چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر سحر کامران نے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مشیر خارجہ نے کہا تھا کہ 31دسمبر تک بھارتی جاسوس کے خلاف ناکافی شواہد تھے۔

بتایا جائے اب اس کے کیس میں کیا پیش رفت ہوئی ہے جس پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ میں نے ناکافی شواہد کی بات نہیں کی تھی، کلبھوشن یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اب بھارتی جاسوس کے خلاف مقدمہ چلے گا۔سرتاج عزیز نے سینٹ اجلاس کو بتایا کہ کل بھوشن یادیو کے خلاف پاکستانی عدالتوں میں کیس چلانے کے لیے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کل بھوشن یادیو سے تحقیقات کی روشنی میں مزید معلومات کے حصول کے لیے بھارت کو سوالوں کی فہرست بھجوائی گئی ہے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو ڈوزیئرز کی فراہمی کا مقصد بھارت کی پاکستان میں براہ راست اور بلا واسطہ مداخلت کو ثابت کرنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہمارے موقف کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کل بھوشن یادیو کو بھارت کے حوالے کرنے کی نہ کوئی تجویز ہے اور نہ کوئی امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو ڈوزیئرز دینے کا مقصد یہ ہے کہ ہم بتا سکیں کہ بھارت ہمارے ملک میں براہ راست یا بلاواسطہ ملوث ہے اور اس کے ریاستی اداکار اس کام میں ملوث ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کل بھوشن یادیو کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے سوالات کی فہرست تیار کر کے بھارت بھجوا دی گئی ہے تاکہ وہ کل بھوشن یادیو کے بیانات کی روشنی میں ہمیں مزید معلومات فراہم کریں جس کی روشنی میں ہم پراسیکیوشن کو آگے بڑھا سکیں گے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر واحد راستہ نہیں ہے اصل راستہ آفیسر کی پراسیکیوشن ہے جس پر کام ہو رہا ہے،سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم کلبھوشن یادو کا نام لیں تو 50 ہزار روپے بلائنڈ فاونڈیشن کو دوں گا جس پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ مناسب وقت پر وزیراعظم ضرور کل بھوشن یادیو کا نام لیں گے اور اس حوالے سے انہیں کوئی ممانعت نظر نہیں آتی ۔

آنے والے دنوں میں شاید موقع آئے گا تو وزیراعظم کل بھوشن یادیو کا نام لیں گے ۔جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ بھی کلبھوشن یادیو جیسا تھا۔واضح رہے کہ کل بھوشن یادیو کو گزشتہ سال بلوچستان سے جاسوسی کرنے ،دہشت گردی اور فرقہ واریت کو پھیلانے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے کل بھوشن یادیو کے اعترافی بیان کی روشنی میں ڈوزیئر اقوام متحدہ میں جمع کروایا ہے سینٹ کا اجلاس اب پیر شام تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔