بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / پرُسکون رہائش والے 80 ممالک میں پاکستان 74 ویں نمبرپر

پرُسکون رہائش والے 80 ممالک میں پاکستان 74 ویں نمبرپر


نیویارک:  امریکی ادارے کی جانب سے کئے گئےعالمی سروے کے مطابق آرام دہ اور پرسکون زندگی گزارنے کے لئے سوئٹزرلینڈ دنیا کا سب سے بہترین ملک ہے۔

امریکی ماہرین نے سروے سے حاصل شدہ نتائج کے مطابق دنیا کے بہترین سہولتوں والے ممالک کی فہرست جاری کی ہے اور یہ درجہ بندی 80 ممالک میں ثقافت، تعلیم، صحت، معاشی اور سیاسی صورتحال اور معیار زندگی کو پرکھنے کے بعد کی گئی ہے۔ سروے کے مطابق رہائش کے لئے سب سے زیادہ پر سکون مقامات میں سوئٹزرلینڈ پہلے جب کہ کینیڈا دوسرے نمبر پر موجود ہے، بریگزٹ کے باوجود برطانیہ کو رہنے کے لئے دنیا کا تیسرا بہترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال اس فہرست میں اول نمبر پررہنے والے ملک جرمنی نے 3 درجے تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے اور اس کی وجہ جرمنی کی امیگریشن پالیسی اور وہاں تارکین وطن کے ساتھ ہونے والے نامناسب رویے کو قرار دیا گیا ہے۔

ایشیائی ممالک میں جاپان واحد ملک ہے جو ٹاپ 10 رینکنگ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے اوراس کا نمبر پانچواں ہے، جب کہ اسکینڈے نیوین ممالک میں سوئیڈن، ناروے، ڈنمارک اور فن لینڈ اپنے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے باعث 15 بہترین مالک میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان ممالک میں سوئیڈن سب سے آگے ہے جس کا نمبر عالمی رینکنگ میں چھٹا ہے۔

ان کے علاوہ ان ممالک میں امریکا کا ساتواں، آسٹریلیا آٹھویں، فرانس نویں اور ڈنمارک دسویں نمبر پر موجود ہے۔ایشیا کے دیگر ممالک میں سنگا پور15 ویں اور چین  20 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے جب کہ 80 ممالک کی اس فہرست میں بھارت کا 25 واں ،سعودی عرب کا 32 واں ، ،ترکی کا 36 واں ،سری لنکا کا 50 واں،  پاکستان کا 74 واں اور ایران 79 ویں نمبر پر موجود ہے۔