بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / قطرنے فٹبال ورلڈکپ کے لئے جنرل باجوہ سے تعاون مانگ لیا

قطرنے فٹبال ورلڈکپ کے لئے جنرل باجوہ سے تعاون مانگ لیا

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی اور دفاع سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے قطری بری فورسز کے کمانڈر میجرجنرل محمد علی غنیم سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزیر اعظم نے قطرکی ترقی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ قطری وزیراعظم نے علاقائی امن کیلیے پاک فوج کے کردار کی بھی تعریف کی۔ شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی نے کہا پاکستان قطر کا قابل اعتبار دوست ملک ہے، قطر کے عوام پاکستان کے عوام کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ہر مشکل میں ان کی قطر کیلیے مدد پر اعتماد کرتے ہیں۔

قطری وزیراعظم نے پاکستان آرمی کے سیکیورٹی کے حوالے سے تجربات سے استفادہ کرنے اور قطر میں آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے افرادی قوت کی خواہش کا اظہاربھی کیا۔ قطری وزیراعظم نے سائبرسیکیورٹی، دفاعی پیداوار اورسفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیراعظم کو تمام شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ میجر جنرل محمد علی غنیم الغنیم کے ساتھ ملاقات میں قطری کمانڈر لینڈ فورسز نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا اور مشترکہ تربیتی اور فوجی مشقوں کی خواہش کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے قطری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور انھیں تربیتی پروگرام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری امیری گارڈ کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا اور میجر جنرل حاضا بن خالدالشاوانی سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے احمد بن محمد ملٹری کالج کا بھی دورہ کیا۔