بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / ناک سے ٹائر کی ٹیوب میں ہوا بھرنے والا شخص

ناک سے ٹائر کی ٹیوب میں ہوا بھرنے والا شخص


بیجنگ۔ چین کے ایک غیرمعمولی شخص نے اپنی ناک سے گاڑی کی ٹائرٹیوب پھلا کر پوری دنیا کو حیران کردیا ہے اور اس کرتب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

44 سالہ ٹونگ جونہائی نے پہلے اعلان کیا کہ وہ صرف اپنی ناک کی ہوا سے درمیانی جسامت کی ٹائرٹیوب میں ہوا بھر سکتا ہے۔ اس کے بعد اس نے کچھ لوگوں کو بلا کر اسے آزمانے کو کہا۔ کئی لوگوں نے منہ اور ناک سے ٹیوب پُھلانے کی کوشش کی لیکن کوئی کامیاب نہ ہوسکا۔

اس کے بعد ٹونگ نے اپنے حیرت انگیز فن کا مظاہرہ کیا اور ناک کے ایک نتھنے کو انگوٹھے سے بند کیا اور دوسرے نتھنے سے پائپ کا سرا لگا کر ہوا بھرنی شروع کردی۔ اس مشقت میں اس کے پھیپھڑوں سے ہوا سر میں جاکر نتھنے سے باہر آرہی ہے اور ٹونگ کے سر کی پھولی ہوئی رگیں بھی نمایاں طور پر دیکھی جاسکتی ہیں۔

کسی نے یہ سارا منظر ویڈیو میں قید کرکے اسے چینی سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا اور مقامی ٹی وی چینل نے اس ویڈیو کو تفصیلات کے ساتھ دکھایا۔ ایک ٹی وی چینل کی خبر میں ٹونگ نے بتایا کہ اس نے بچپن میں ایک کنگ فو ماسٹر کو یہ کام کرتے دیکھا تھا اور اس کے لیے اس نے دن رات پھیپھڑوں اور سانس کی مشق کی ہے جس میں 10 سال کا عرصہ لگا۔