بریکنگ نیوز
Home / صحت / وزن اور پیٹ کم کرنے کے آسان اور دلچسپ طریقے

وزن اور پیٹ کم کرنے کے آسان اور دلچسپ طریقے


کراچی۔ بڑھا ہوا پیٹ اور اضافی وزن آج کے زمانے میں فردِ واحد کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی وبا کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔ صاحبِ حیثیت افراد وزن کم کرنے کےلیے جم جانے کے علاوہ ڈائٹنگ بھی کرتے ہیں اور خاص طرح کی کم کیلوریز والی غذا بھی کھاتے ہیں۔ لیکن اگر کسی کو یہ سہولت میسر نہ ہو تو وہ اپنا وزن گھٹانے کےلیے کیا کرے؟ زیرِ نظر تحریر میں اسی سوال کا جواب دیا گیا ہے۔

وزن اور موٹاپا کم کرنے کی سب سے پہلی اور غالباً آسان ترین ترکیب تو یہ ہے کہ گوشت اور چکنائی کا استعمال کم سے کم کردیا جائے۔ جیب اجازت دے تو ہفتے میں کم از کم دو سے تین مرتبہ ابلی ہوئی مرغی یا مچھلی کھائی جائے لیکن اگر یہ ممکن نہ ہو تو پھر سبزیوں اور دالوں کو اپنے غذائی معمولات کا حصہ بنالیجیے اور کوشش کیجئے کہ انہیں بھی کم سے کم گھی/ تیل میں پکایا گیا ہو۔ البتہ سبزیوں کو خام حالت میں یعنی پکائے بغیر کھانے سے ان کے صحت بخش اثرات برقرار رہتے ہیں جن کی افادیت آج تسلیم شدہ ہے۔

ویسے تو ہرے پتوں والی سبزیاں (پتوں سمیت) کچی حالت میں کھانا بہت مفید رہتا ہے مگر اِن میں بھی وزن گھٹانے کےلیے پالک کا استعمال سب سے زیادہ فائدے مند ہے۔ البتہ پالک میں فولاد (آئرن) کی وافر مقدار ہوتی ہے اس لیے اگر آپ کو آئرن الرجی ہے تو پھر پالک استعمال نہ کیجیے ورنہ فائدے کے بجائے نقصان ہوسکتا ہے۔

پرانے زمانے میں آمد و رفت کی سہولیات بہت کم تھیں اس لیے لوگوں کو عام طور پر روزانہ کئی کئی میل پیدل چلنا پڑتا تھا؛ اور اسی لیے ان کی صحت بھی اچھی رہتی تھی اور وہ موٹاپے یا زائد وزنی کا شکار بھی نہیں ہوتے تھے۔ اگر آپ بزرگوں کی طرح گھنٹوں پیدل نہیں چل سکتے تو کوئی بات نہیں، روزانہ تقریباً 30 منٹ تک تیز قدموں سے چلنے کی عادت ڈال لیجیے کیونکہ وزن کم کرنے کے معاملے میں اس معمولی ورزش کے اثرات بہت حیرت انگیز ہیں۔ آزمائش شرط ہے۔

گھریلو خواتین اگر روزانہ گھر کا جھاڑو پونچا، صفائی ستھرائی خود کرنے کی عادت ڈال لیں تو یہ بھی ان کا وزن کم کرنے میں بہت مفید رہے گا۔ خاص طور پر جھاڑو اور پونچا ایسی جسمانی مشقت ہے جو براہِ راست پیٹ اور وزن کم کرتی ہے۔ یہ معمول صرف ایک مہینہ اختیار کرکے دیکھیے اور بہترین نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔ البتہ گھر میں کام کرنے والی بے چاری ماسی کی چھٹی ضرور ہوجائے گی۔ اس کارِ خیر میں مرد حضرات بھی بیگمات کا ہاتھ بٹا کر بیوی کی خوشنودی کے ساتھ ساتھ وزن اور پیٹ میں کمی جیسی نعمت سے سرفراز ہوسکتے ہیں۔