بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغانستان ، امریکی سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 93شدت پسند ہلاک

افغانستان ، امریکی سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران 93شدت پسند ہلاک


کابل۔افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں اور سیکورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی آپریشنز کے دوران پاکستانیوں سمیت داعش اور طالبان کے 93شدت پسند ہلاک اور 66زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کی گاڑیوں اور اسلحہ کو بھی تباہ کردیا گیا۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملوں میں پاکستانیوں سمیت داعش کے 16جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ڈرون حملو ں کا سلسلہ ہفتے کو شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں 16شدت پسند ہلاک ہوگئے جن میں 7پاکستانی جنگجو بھی شامل ہیں۔

بیا ن میں مزید کہا گیاہے کہ ڈرون حملوں کاسلسلہ صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا جہاں ضلع نازیان میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایاگیا جس کے بعد تین بجے کے قریب ڈرون حملہ کیا گیا۔حملوں میں عسکریت پسندوں کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔ ادھر جنوبی صوبہ ہلمند میں افغان اور غیر ملکی فورسز کے فضائی آپریشن میں 31طالبان جنگجو مارے گئے ۔صوبائی حکام کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی کاروائی صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ،نادعلی اور گرامسر میں کی گئی ۔بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ11عسکریت پسند اس وقت مارے گئے جب افغان فورسز نے انھیں لشکرگاہ کے علاقے بولان ماندوائی میں نشانہ بنایا اس دوران 3جنگجو زخمی بھی ہوئے ۔

ضلع نادعلی میں آپریشن کے دوران 8طالبان جنگجو ہلاک اور 6دیگر زخمی ہوئے ۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران نادعلی کے کئی علاقوں کو کلیئر کرالیا گیا ہے اور دیسی دھماکہ خیز مواد کو تباہ کردیا گیا۔دوسری جانب صوبہ فرح میں افغان فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 46طالبان جنگجو ہلاک اور57زخمی ہوگئے ۔صوبائی پولیس چیف عبدالمعروف فولاد کا کہنا ہے کہ آپریشن ضلع بالبولوک کے مختلف دیہاتوں میں کیا گیا ۔فرح صوبے میں مسلح جنگجوؤں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا جبکہ انکی5 گاڑیوں اور اسلحہ کو بھی تباہ کردیا گیا ۔آپریشن کے دوران افغان نیشنل آرمی کا ایک اہلکار ہلاک اور2دیگر زخمی ہوگئے ۔