بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نازیبا بیان، جاوید لطیف نے غیر مشروط معافی مانگ لی

نازیبا بیان، جاوید لطیف نے غیر مشروط معافی مانگ لی


اسلام آباد۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کارروائی سے قبل ہی جرگہ کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ کے رکن جاوید لطیف اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن مراد سعید کے جھگڑے کا ڈراپ سین ہوگیا اور لیگی رہنما نے اپنے نازیبا بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔جمعرات کوقومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر مرتضٰی جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا۔اجلاس کے دوران فاٹا ارکان کے پارلیمانی لیڈر شاہ جی گل آفریدی نے ایوان کو بتایا کہ جاوید لطیف اور مراد سعید کے جھگڑے کا معاملہ جرگہ نے حل کر دیا ہے اور دونوں نے جرگے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔جاوید لطیف نے اس موقع پر کہا کہ ‘مراد سعید میرے بچوں کی طرح ہیں۔

غصے میں میرے منہ سے غلط الفاظ نکلے، کسی کی ماں، بہن یا بیٹی کے بارے میں کوئی بات نہیں ہونی چاہیے تھی، مجھے اپنی غیر مناسب گفتگو پر شرمندگی ہے اور میں غیر مشروط معافی مانگتا ہوں’۔دوسری جانب مراد سعید نے کہا کہ ‘میں اپنا گریبان پکڑنے والے کا ہاتھ چوم سکتا ہوں لیکن تعصب کا الزام لگانے والوں کو معاف نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس ایوان میں اپنے حلقوں کی نمائندگی کے لیے آئے ہیں گالم گلوچ کرنے نہیں، میں اپنے لوگوں کی ترجمانی کرتا رہوں گا’۔تحریک انصاف کے عارف علوی نے اس معاملے کو حل کرانے میں کردار ادا کرنے پر جرگے کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ ایوان کے ارکان میں عدم برداشت نہیں ہونی چاہئیے۔