بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ملک میں 2013 سے پہلے والے اندھیرے ختم ہو گئے ،مریم اورنگزیب

ملک میں 2013 سے پہلے والے اندھیرے ختم ہو گئے ،مریم اورنگزیب


اسلام آباد ۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 35 سال کا جنگ زدہ پاکستان حکومت کی بہترین پالیسیوں سے پچھلے تین سالوں میں پرامن پاکستان میں تبدیل ہو گیا ہے ۔ اس وقت ملک میں 2013 سے پہلے والے اندھیرے ختم ہو گئے ۔ جلد ہی پوری دنیا روشن پاکستان دیکھے گی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایف نائن پارک میں 23 مارچ کے حوالے سے نمائش میں کیا جہاں پر غیر ملکی سفارتکاروں سمیت مختلف کالجوں اور سکولوں کے بچوں نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو جس مقصد کے لئے بنایا گیا تھا آج وہ اہداف حاصل ہو رہے ہیں ۔ پاک فوج ، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ ملک کی ینگ جنریشن سمیت پورے طبقے کو وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر 1930 سے لے کر 1947 تک کا تمام سفر پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان پر ٹرانسمیشن پر پیش کیا جا رہا ہے ۔21 مارچ 1940 کو جو واقعات پیش آئے اس جدوجہد کا سفر بھی آج کی ٹرانسمیشن میں پیش کیا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے پرائیویٹ میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھی ایسے آگاہی پروگرام کو کوریج دے کر معاشرے کے نوجوانوں کی معلومات میں اضافہ کرے ۔

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری دنیا 35 سالہ جنگ زدہ پاکستان کے حالات سے واقف ہے لیکن حکومت کی پچھلی تین سال کی بہترین پالیسیوں سے پرامن پاکستان دیکھنے کو ملا ہے ۔ آج پاکستان کی بہتر معیشت کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے پاکستان میں 2013 کا پہلے کا اندھیرا ختم ہو گیا ۔ وزیر اعظم جس طرح لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ملک بھر میں انرجی پراجیکٹ لگا رہے ہیں اس سے جلد روشن پاکستان تعمیر ہو گا ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کا خواب ہے کہ وہ مستحکم ، صحت اور تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ابھی کچھ سفر باقی ہے لیکن جس لگن اور اتحاد کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کام جاری ہے جلد علامہ اقبال اور قائد اعظم کے خواب کے مطابق پاکستان تعمیر ہو گا ۔