بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی اڈیالہ جیل سے رہا

سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی اڈیالہ جیل سے رہا


راولپنڈی۔ حج کرپشن کیس میں باعزت بری ہونے والے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔رہائی کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ ‘اسلام آباد ہائی کورٹ نے میری سزا کالعدم قرار دے کر مجھے سرخرو کر دیا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سیاسی قیدی تھا، مجھے جیل کے اندر ‘اے’ کلاس ملنی چاہیئے تھی، لیکن مجھے ‘بی’ کلاس بھی نہیں دی گئی’۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ‘رہائی ملنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، میری نیک نامی پر لگے داغ دھل گئے’۔یاد رہے کہ 20 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی، سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج را شکیل اور سابق جوائنٹ سیکریٹری راجہ آفتاب کو حج کرپشن کیس میں باعزت بری کردیا تھا۔

حامد سعید کاظمی، را شکیل اور راجہ آفتاب پر سال 2010 میں حج انتظامات میں خورد برد، کرپشن اور قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کے الزامات تھے، جس کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) میں درج تھا۔حج اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے حامد سعید کاظمی اور حکمراں اتحاد میں شامل جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔

حامد سعید کاظمی پر بدعنوانی کے الزام میں 30 مئی 2012 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم وہ اپنی بے گناہی پر اصرار کرتے رہے۔تاہم بعدازاں جون 2016 میں اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر احمد نے حج کرپشن کیس میں جرم ثابت ہونے پر سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16 سال قید کی سزا سنادی تھی۔کرپشن کیس میں سابق جوائنٹ سیکریٹری مذہبی امور راجہ آفتاب کو بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج را شکیل کو 40 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ماتحت عدالت نے تینوں ملزمان کو 15 ، 15 کروڑ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی تھی۔