بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / الیکٹرانک چپس کو بجلی دینے اور ٹھنڈا کرنے والی بیٹری

الیکٹرانک چپس کو بجلی دینے اور ٹھنڈا کرنے والی بیٹری


زیورخ۔ کمپیوٹرہویا موبائل فون ان کی مائیکروچپس اور پروسیسر کوٹھنڈا کرنے کے لیے اضافی پنکھوں اور وینٹی لیشن کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اب ایک نئی مائع بیٹری کی ایجاد سے یہ مسئلہ بہت حد تک حل ہوسکتا ہے جو بجلی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک چپس کو ٹھنڈا بھی رکھے گی۔

آئی بی ایم اور ای ٹی ایچ زیورخ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک چھوٹی ’’فلو‘‘ بیٹری بنائی ہے جو ایک ہی وقت میں مائیکروچپس کو بجلی دیتی ہے تو انہیں ٹھنڈا بھی رکھتی ہے۔ اسے ’’ریڈوکس فلو‘‘ کہتے ہیں جو مائع الیکٹرولائٹس استعمال کرتی ہے۔ یہ الیکٹرولائٹس بڑے پیمانے پر توانائی جمع کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ حال ہی میں ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایسی ہی ایک مائع الیکٹرولائٹ بیٹری بنائی ہے جو 10 سال تک توانائی جمع کرسکتی ہے اور خراب نہیں ہوتی۔ اس طرح یہ بیٹریاں سولر اور ہوائی قوت کی توانائی کو طویل عرصے تک جمع کرسکتی ہیں۔

لیکن ایسی بیٹریوں کو چھوٹا کرکے کسی چپ پر لگانا ایک الگ طرح کا چیلنج ہے۔ اس بنا پر آئی بی ایم اور ای ٹی ایچ زیورخ نے 2 اقسام کے مائع دریافت کیے جو فلو بیٹری الیکٹرولائٹس اور ٹھنڈا کرنے کے ایجنٹ کے طور پر استعمال ہوسکتے ہیں۔ یوں ایک ہی سرکٹ کو بجلی دینے اور اس کی حرارت زائل کرنے کا کام کرسکتے ہیں۔