بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 مقابلہ آج ہوگا

پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 مقابلہ آج ہوگا


برج ٹاؤن۔ گرین شرٹس نے نئے معرکے کیلیے آستینیں چڑھا لیں، ویسٹ انڈیز سے سیریز کا پہلا ٹوئنٹی20میچ اتوار کو برج ٹاؤن بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 4ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ اتوار کو برج ٹاؤن بارباڈوس میں ہوگا، عالمی چیمپئن ٹیم کیخلاف فاتحانہ آغازکیلیے پُرعزم مہمان کرکٹرز نے گزشتہ روز طویل ٹریننگ سیشن میں صلاحیتیں نکھارنے پر کام کیا، وارم اپ اور فٹنس کی مختلف ڈرلز کے بعد کوچز نے فیلڈنگ پر توجہ دی، دوسری جانب بیٹسمین اور بولرز بھی مقامی کنڈیشنزاور پچز کے باؤنس سے ہم آہنگ ہونے کیلیے کوشاں رہے۔

یاد رہے کہ باہمی ٹوئنٹی 20مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے مابین مختلف گراؤنڈز پر7میچز کھیلے گئے جس میں سے گرین شرٹس نے 5اور ویسٹ انڈیزنے 2جیتے، بطور کپتان آفریدی اور حفیظ ایک ایک میچ میں سرخرو ہوئے، گزشتہ تینوں میچز میں پاکستان نے زیرقیادت کامیابی سمیٹتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کیا تھا۔

گزشتہ سال ستمبرمیں کیریبیئن بیٹنگ بُری طرح ناکام ہوئی،صرف دوسرے میچ میں قابل قدر 144کا ٹوٹل حاصل کرنے کے باوجود 16رنز سے شکست ہوئی تھی، پہلے مقابلے میں115رنز بنانے کے بعد 9وکٹ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، دوسرے میں صرف 103تک محدود رہنے کے نتیجے میں 8وکٹ سے ہار ملی،پاکستانی بولرز میں عماد وسیم، محمد نواز، سہیل تنویر اور حسن علی نے رنز روکے اور وکٹیں بھی اڑائیں، بیٹنگ میں بابر اعظم،شعیب ملک، سرفراز احمد، شرجیل خان اور خالد لطیف نے اچھی اننگز کھیل کر فتوحات کا راستہ بنایا۔

اسپاٹ فکسنگ سکینڈل کی وجہ سے پاکستان آخری دونوں بیٹسمینوں کی خدمات سے محروم ہو چکا، یہ خلا پُرکرنے کیلیے احمد شہزاد اور کامران اکمل کو منتخب کیا گیا ہے، بولنگ ایکشن کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے ڈراپ محمد حفیظ بھی واپس آچکے۔ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اسکواڈ میں جگہ بنانے والے فخرزمان کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے، بابر اعظم بھی اچھی فارم میں ہیں،شعیب ملک سینئر کی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کیلیے تیار ہوں گے۔