بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / منشیات کے خلاف جنگ جہادہے ، سعودی مفتی اعظم

منشیات کے خلاف جنگ جہادہے ، سعودی مفتی اعظم


ریاض ۔سعودی مفتی اعظم اور اسلامک و ریسرچ کونسل و افتاء کونسل کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے منشیات کے روک تھام کے لیے موثر کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ جہاد ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ ’قات‘ نامی بوٹی منشیات ہی کی ایک قسم ہے۔

دیگر نشہ آور اشیاء کی طرح اس کا استعمال، ترویج اور تجارت حرام ہے انہوں نے کہا کہ منشیات کے نتیجے میں انسانی عقل اور جسمانی صلاحیتیں تباہ ہوجاتی ہیں جو سعودی سماج کے لیے زہرقاتل ہے ریاست کے تمام اداروں اور عوام کومل کر اس زہرکے پھیلاؤ کو روکنا ہوگاریاض میں ’منشیات کی روک تھام اوراس کے شرعی پہلو‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی مفتی اعظم نے کہا کہ منشیات انسانیت کی تباہی کا منصوبہ ہے اور اس کے خلاف جنگ جہاد ہے۔

سعودی مفتی اعظم نے منشیات کی روک تھام کے لیے سکیورٹی فورسز اور نبراس انسداد منشیات پروگرام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے نبراس کو انسداد منشیات کا بہترین ’سفیر‘ قرار دیا۔الشیخ آل الشیخ نے منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی مہمات پر زور دیا اور کہا کہ علماء، ذرائع ابلاغ اور سعودی عوام کے تمام طبقات سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر منشیات کے دھندے کی روک تھام کے لیے اپنا کردارادا کریں۔