بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھورہی ہے،نوازشریف

پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھورہی ہے،نوازشریف


اسلام آباد ۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے دن سے معیشت کی بحالی، توانائی بحران کے حل، سلامتی کی صورتحال میں بہتری اور سرمایہ کاروں کو مواقع کی فراہمی پر توجہ دی ،گزشتہ چار سال میں ہماری کوششوں کے باعث پاکستان کا اقتصادی منظر نامہ یکسر تبدیل ہو چکاہے جس کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہا ہے۔

منگل کووزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں چینی کارپوریشنز کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کی دیرینہ تاریخ ہے پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ،سی پیک منصوبہ پورے خطے کے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے لئے حکومت اور پاکستان کے عوام چینی قیادت اور عوام کے مشکور ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی منظرنامہ چار سالوں میں یکسر تبدیل ہو گیا ہے پہلے دن سے معیشت کی بحالی، توانائی اور امن و امان پر توجہ دی وزیراعظم نے چینی کارپوریشنز کے سربراہوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان سے منافع لے جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

چینی کارپوریشنز کے سربراہوں گا ہونگ وی اور چا ژیالانگ نے پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی کمپنیاں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔