بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تھانہ محرر کیلئے تربیتی کورس لازمی قرار

تھانہ محرر کیلئے تربیتی کورس لازمی قرار


پشاور۔قائم مقام آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ نے عرصہ دراز سے پولیس امیج اور تھا نہ کلچر میں بہتری کے لیے عوامی مطالبات کے پیشِ نظر تھانہ محرر کی ذمہ داریوں پر مبنی تین ماہ کا لازمی کورس شروع کرانے کے لیے پولیس کے شعبہ تربیت اور پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کو ہدایات جاری کردیں تا کہ تھانہ محرران کو آئندہ کے لیے لازمی تربیت حاصل کرنے کے بعد میرٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ موجودہ ایک ماہ کا کورس جو محرر کے لیے ترتیب دیا گیا ہے کو مزید وسعت دی جائے گی ۔ اس کورس میں تعلیم یافتہ پولیس حوالداران اور اے ایس آئی کے عہدے کے افسران شریک ہوں گے جس میں پولیس تھانہ ریکارڈ، انٹیلی جنس ، عوام سے رابطہ رکھنے کی مہارت اور کمپیوٹر کی مہارت حاصل کرنا لازمی ہوگی ۔

تھانہ کلچر کی تبدیلی میں تھا نہ محر ر کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے جس کے لیے ابھی تک کوئی پیشہ ورانہ مہارت کا کورس جاری نہیں ہوا ہے یہ ایک انقلابی اقدام ہو گا کہ تھانہ محرران کو سفارش کی بجائے مطلوبہ کورس میں پاس ہونے پر تعینات کیے جائیں گے ۔ اسی طرح عدالتوں میں عرصہ دراز سے تعینات نائب کورٹس کے لیے بھی کوئی پیشہ ورانہ مہارت کی قابلیت کا تصور آج تک پولیس میں نہیں ہے ۔ قائم مقام آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ نے عدالتوں میں تعینات عملے کی تربیت کے لیے پراسیکیوشن اور تفتیش سے متعلق معلومات پر مبنی تین ماہ کا لازمی کورس تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ عدالتوں میں مقدمات کی درست پیروی ہو سکے اور آئندہ کے لیے سفارش یا بغیر اہلیت کے نائب کورٹس کی تعیناتی کا سلسلہ ختم کیا جا سکے ۔ پولیس کے شعبہ تربیت میں ان انقلابی اقدامات سے عوام میں پولیس کا بہتر امیج ابھرے گا اور تھانہ کلچر میں واضح تبدیلی آ جائے گی ۔