بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ناموس رسالتؐ تحفظ ٗمعاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

ناموس رسالتؐ تحفظ ٗمعاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمدیوسف نے کہا ہے کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی درخواست پر اسلامی ممالک کے عالمی سطح پر قانون سازی کیلئے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے،نبی پاکؐ کی ناموس پر وزارتیں اور حکومت قربان کرنا پڑی تو بھی گریز نہیں کریں گے،سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر گستاخانہ مواد والے 8670لنکس کی پی ٹی اے کو نشاندہی کرکے انہیں بند کرنے کی سفارش کی ہے۔

،وزیرمملکت مذہبی امور اور پیرامین الحسنات نے کہا ہے کہ نبی کا غلام ہوں،وزیربن کر نبی کی غلامی نہیں بھولا ایک نہیں سو وزارتیں قربان کرسکتا ہوں۔جمعرات کو ان خیالات کا اظہار وزیرمذہبی امور اور وزیرمملکت نے یہاں وزارت میں وزارت داخلہ،خارجہ،آئی ٹی اور مذہبی امور کے بین الوزارتی اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن کے دشمن اہل مذاہب کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر کے دنیا میں فساد برپا کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔ بلا شبہ اسلام بزورشمشیر نہیں پھیلا بلکہ نبی پاکؐ کی عظمت اور کردار نے انسانیت کو متاثر کیا ۔ عدل ومساوات ، امن وانصاف اور برداشت ورواداری جیسی اسلامی تعلیمات ہی درحقیقت اسلام کے فروغ کا باعث بنی ۔

جدید دنیا ایک گلوبل ولیج میں تبدیل ہوگئی مگر سوشل میڈیا پر اظہار رائے کی آزادی کے نام پر بہت سے نئے فتنے سراٹھا رہے ہیں ۔ کیا ایسا ممکن ہے کہ جس نبی پاک ؐ کی شان اقدس اور عزت وناموس کی خالق کائنات قسمیں کھاتا ہے ایسی ہستی کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کئے جائیں جبکہ مسلمانوں کا تو عقیدہ ہی نبی پاکؐ کی ذات اقدس کی محبت سے شروع ہوتا ہے اور ایمانی جذبے کی تکمیل کا منبع بھی آپؐ کی ذات پاک ہے ۔ مسلمانوں کا ایمان ہی اس ارشاد پاک پر ہے جو آقا کریمؐ کا ہے کہ تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ وہ اپنے والدین ، اولاد اور تمام لوگوں سے بڑھ کر مجھ (محمدؐ ) سے محبت نہ کرے ۔ دراصل ایمان کی کسوٹی ہی عشق رسولؐ ہے ۔