بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جمعیت کے اجتماع میں نواز شریف بھی مدعو

جمعیت کے اجتماع میں نواز شریف بھی مدعو

اسلام آباد۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے پارٹی کے عالمی اجتماع میں وزیر اعظم میاں نوا زشریف ‘ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز سید خورشید شاہ ‘ چوہدری اعتزاز احسن اور ملک کی تمام چیدہ چیدہ سیاسی و دینی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کرلیا۔ عالمی اجتماع میں امام کعبہ کا خصوصی خطاب ہو گا اور 7 سے 9 اپریل کو اس اجتماع میں بھارت افغانستان ‘ بنگلہ دیش ‘ برطانیہ ‘ عرب ممالک سے مندوبین شرکت کریں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا ہے کہ مستحکم پاکستان اور مضبوط پڑوسی ممالک لازم و ملزوم ہیں تمام ہمسایہ ممالک کا ایک دوسرے سے امن وابستہ ہے ‘ ہمیں اپنی شاندار تاریخ اور مشترکہ ثقافتی ورثے کو لے کر آگے بڑھنا ہے ‘ ملک میں پر امن سیاسی ماحول سب کی ضرورت ہے سب کو اس کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں سینیٹر طلحہ محمود کے فارم ہاؤس پر مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ روز ہندو برادری ‘ مسیحی ‘ پارسی ‘سکھ سمیت دیگر اقلیتوں کے نمائندوں نے اقلیتی ایم این اے آسیہ ناصر کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام (ف) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے اقلیتوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم کھلے دل اور کھلے ذہن کے ساتھ پاکستان کی ایک مذہبی جماعت میں اقلیتوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ سب نے مل کر قیام پاکستان کو ممکن بنایا اور سب پاکستان کی تعمیر و ترقی میں شریک ہیں۔ میں نے سہ روزہ بین الاقوامی اجتماع میں وزیر اعظم سمیت ملک کی تمام سیاسی و دینی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا ہے۔ مشترکہ تاریخ‘ مشترکہ اثاثے اور قیام پاکستان کے حوالے سے مثبت تاریخ کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کیلئے یہ اجتماع سنگ میل ثابت ہو گا۔