بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاک فضائیہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، سربراہ پا ک فضا ئیہ

پاک فضائیہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، سربراہ پا ک فضا ئیہ


رسالپور۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کو ملک کے دفاع میں مرکزی ستون کی حیثیت حاصل ہے ۔ ہمارے جوان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ۔ شیر دل فارمیشن کا کردار پاک فضائیہ میں اہمیت کا حامل ہے جمعہ کے روز رسالپور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں 118 کمبیٹ سپورٹ کورس کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی جس میں 9 خواتین سمیت 43 کریڈٹ پاس آؤٹ ہوئے ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی برطانوی ایئر چیف مارشل سر سٹیفن جون تھے ۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل سہیل امان نے بھی شرکت کی اس موقع پر ایئرمارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی ایئر چیف کی پریڈ میں شرکت دونوں ملکوں کے بہترین تعلقات کا عکاس ہیں ۔

مستقبل میں بھی دونوں ملک کے تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا کیونکہ پاکستان اور برطانیہ کی فضائی افواج میں بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاس ہونے والے کیڈٹس فیلڈ میں اپنی تمام صلاحیتں بروئے کار لائیں کیونکہ پاک فضائیہ قوم کی تمام تر توقعات پر پوری اتری ہے ۔ پاک فضائیہ کو ملک کے دفاع میں مرکزی ستون کی حیثیت حاصل ہے اور پاک فضائیہ ملک کو درپیش ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔ سہیل امان نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے ۔ پاک فضائیہ کے شیر دل فارمیشن اپنی مہارت کا بہترین مظاہرہ کر رہی ہے شیر دل فارمیشن میں قراقرم ۔

8 طیارے شامل ہیں جبکہ تقریب سے برطانوی ایئر مارشل سر سٹیفن جون نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریڈ کی تقریب میں شرکت بہت بڑا اعزاز ہے برطانیہ کے پاکستان سے ہمیشہ مضبوط تعلقات رہے ہیں ۔ کیڈٹس نے اپنی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے مستقبل میں بھی ان کی تربیت کا عمل جاری رہے گا ۔ برطانوی ایئرچیف مارشل نے کہا کہ پاکستان مختلف آپریشنز میں مصروف ہے پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ دہشتگردی کے خلاف پاک فضائیہ کے کردار کو سلام پیش کرتا ہوں ۔سر سٹیفن جون نے پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیج بھی لگائے۔ تقریب کے اختتام پر پاک فضائیہ کے شیر دل سکوارڈن نے فلائنگ پاس کے مظاہرے نے شرکاء کے دل جیت لئے جبکہ جوانوں کی طرف سے پیرا گلائیڈنگ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔