بریکنگ نیوز
Home / کھیل / جنوبی افریقی اسکواڈ سے اسٹین ڈراپ

جنوبی افریقی اسکواڈ سے اسٹین ڈراپ

جنوبی افریقہ نے چیمپیئنز ٹرافی کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے تجربہ کار ڈیل اسٹین کو اسکواڈ سے باہر کردیا ہے اور نوجوان کیشپ مہاراج کو دستے کا حصہ بنا لیا ہے۔

15 رکنی اسکواڈ میں کیشپ مہاراج واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی  نہیں کی اور انہیں حالیہ ٹیسٹ سیزن میں عمدہ کارکردگی پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہی اسکواڈ چیمپیئنز ٹرافی سے قبل انگلینڈ کے خلاف ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں بھی جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرے گا۔

چیمپئنز ٹرافی میں پروٹیز کا پہلا میچ تین جون کو سری لنکا سے ہو گا جس کے بعد وہ پاکستان اور ہندوستان کے بھی مدمقابل ہوں گے۔

ون ڈے ٹیم میں تجربہ کار مورنے مورکل کی واپسی ہوئی اور ان کے ساتھ کگیسو ربادا، وین پارنیل، کرس مورس، ڈیوین پریٹوریس، مہاراج اور ایندیل فلکوایو بھی باؤلنگ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔

کندھے کی انجری کا شکار ڈیل اسٹین کو اہم ایونٹ کیلئے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا البتہ جون میں انگلینڈ لائنز اور کاؤنٹی میچوں کیلئے جنوبی افریقہ اے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

ایونٹ کیلئے جنوبی افریقی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز(کپتان)، ہاشم آملا، فرحان بہارڈین، کوئنٹن ڈی کوک، جین پال ڈومینی، فاف ڈیو پلیسی، عمران طاہر، کیشپ مہاراج، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، کرس مورس، وین مارنیل، اندیل فلکوایو، ڈوین پریٹوریس اور کگیسو ربادا۔