بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / مشال کیس ٗپشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کی کمیشن تشکیل سے روک دیا گیا

مشال کیس ٗپشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کی کمیشن تشکیل سے روک دیا گیا

اسلام آباد۔ سپریم کورٹ نے مشال خان قتل کیس پر پشاور ہائی کورٹ کو جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے سے روک دیا‘ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کی نوبت کیوں پیش آئی‘ جے آئی ٹی کے ہوتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کی کیا منطق؟ ٹی او آرز کا جائزہ لے کر کمیشن سے متعلق فیصلہ کریں گے‘ جے آئی ٹی میں حساس ادارے کا افسر کیوں شامل نہیں‘ سارا بوجھ عدالت پر ہی کیوں ڈالا جاتا ہے‘ معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنے دیں گے‘ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں، عدالت کو تحقیقات سے نتائج چاہئیں‘ عدالت تحقیقات کی خود نگرانی کرے گی ‘ واقعے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

بدھ کو سپریم کورٹ میں مشال خان قتل کیس پر از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کی نوبت کیوں پیش آئی‘ جے آئی ٹی میں حساس ادارے کا افسر کیوں شامل نہیں‘ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں جوڈیشل کمیشن کا اعلان کیا تھا چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آئندہ سماعت تک جوڈیشل کمیشن کے قیام کی وضاحت دیں۔ سارا بوجھ عدالت پر ہی کیوں ڈالا جاتا ہے‘ جے آئی ٹی کے ہوتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کی کیا منطق ہے۔ سپریم کورٹ نے مجوزہ کمیشن کے ٹی او آرز طلب کرلئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ٹی او آرز کا جائزہ لے کر کمیشن سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی صاحب آپ کی بہت تعریف سنی ہے۔ قوم اور عدلیہ آپ کے پیچھے کھڑی ہے۔ عدالت کو تحقیقات میں پیش رفت سے ہر ہفتے آگاہ کیا جائے۔

معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنے دیں گے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ واقعے کے پیچھے ماسٹر مائنڈ کو سامنے لانا ہوگا۔ انٹیلی جنس کی مدد سے ہی ماسٹر مائنڈ گرفتار ہوگا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں۔ عدالت کو تحقیقات سے نتائج چاہئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن بنا تو پولیس افسران سارا دن سامنے ہی کھڑے رہیں گے۔ آئی جی صاحب تحقیقات میں ذاتی دلچسپی لیں۔ عدالت تحقیقات کی خود نگرانی کرے گی۔ واقعے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ عدالت نے مشال خان قتل کیس پر پشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے سے روک دیا۔ مشال خان کیس کی سماعت 27اپریل تک ملتوی کردی گئی۔