بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بلاک شناختی کارڈز مسئلہ آئندہ ہفتے حل ہونے کا امکان

بلاک شناختی کارڈز مسئلہ آئندہ ہفتے حل ہونے کا امکان

اسلام آباد۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ بلاک شناختی کارڈز کا مسئلہ آئندہ ہفتے حل ہو جائے گاوہ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکتہ ہائے اعتراضات کا جواب دے رہے تھے ۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ روزانہ کورم کی نشاندہی کی وجہ سے ہمیں پورے سیشن میں بات کرنے کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سب سے اہم فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈز والا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا۔ تمام جماعتوں نے کوشش کی ہے۔ ڈپٹی سپیکر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے ٗ یہ عوامی مسئلہ ہے جس کو حل کرنے کی ضرورت ہے، نہ جانے اس میں اتنی تاخیر کیوں کی جا رہی ہے۔ اگر یہ لوگ پاکستانی یا محب وطن نہیں ہیں تو ہمیں بتایا جائے۔

یہ لوگ گزشتہ کئی سالوں سے ہمیں ووٹ دیتے آ رہے ہیں۔ اگر یہ پاکستانی نہیں ہیں تو پھر تو یہ سارا عمل غیر قانونی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قائد حزب اختلاف کو چاہئے کہ ہمیں بات کرنے کا موقع دے کر بے شک واک آؤٹ کریں۔ حاجی غلام احمد بلور نے ڈپٹی سپیکر کو مسلم لیگ کے پی کے کا سیکریٹری جنرل بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بلاک شناختی کارڈز کا مسئلہ حل کرنے کے لئے فوری نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔

پاکستانیوں کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ وہ بھی محب وطن پاکستانی ہیں۔ صاحبزادہ طارق اﷲ نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے بلاک شناختی کارڈز کا مسئلہ حل کیا جائے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آئندہ ہفتہ اس حوالے سے اجلاس منعقد ہوگا۔ تمام جماعتوں کی جدوجہد اس میں شامل ہے، ہم سب نے مل کر یہ کام کیا ہے۔ اس حوالے سے بے چینی دور ہو جائے گی اور عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا۔