بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اسفندیارولی کا پانامہ کیس فیصلے کا خیر مقدم

اسفندیارولی کا پانامہ کیس فیصلے کا خیر مقدم

پشاور ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے تاریخی فیصلے سے ملک کے حکمران طبقے کے احتساب کا مشن آگے بڑھا ہے آج کا فیصلہ موجودہ ناکام احتسابی نظام پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے ، جوایک بلا امتیاز احتساب کی بجائے حکومتوں کا سیاسی مخالفین اور اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنانے اور دبانے کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے ،اور اس کی واضح مثال خیبر پختونخوا حکومت کا قائم کردہ احتساب کمیشن ہے جو وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کے چند ارکان پر ہاتھ ڈالتے ہی عملی طور پر ختم ہو گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایک صاف اور شفاف قانون اور احتسابی نظام کبھی بھی ایک فرد یا پارٹی کیلئے مخصوص نہیں ہو سکتا ۔ملک میں ایک ایسے احتسابی نظام کی ضرورت ہے جو کرپشن میں ملوث ہر شخص یا عناصر پر بلا امتیاز ہاتھ ڈال سکے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بیخ کنی کیلئے ایک مؤثر اور شفاف قانونی نظام کے ساتھ ساتھ ہمیں ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے کافی سفر اور جدوجہد درپیش ہے ،ہم بھرپور یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کے عوام ایسے لوگوں میں فرق کر سکتے ہیں جو ملک میں ایک با اعتماد اور شفاف احتسابی نظام کا قیام چاہتے ہیں۔اور دوسری وہ جو کرپشن کو ایک نعرے کے طور پر اقتدار کے حصول کیلئے استعمال کر تے ہیں لیکن خود احتساب کیلئے تیار نہیں، ہمیں یقین ہے کہ کرپشن اور بد عنوانی کے حوالے سے آخری فیصلہ عوام کی عدالت میں ہی ممکن ہے جو آنے والے انتخابات میں ان عناصر کے ساتھ نمٹیں گے ۔