بریکنگ نیوز
Home / کھیل / مصباح الحق کے ریکارڈ ز بنانے کا سلسلہ جاری

مصباح الحق کے ریکارڈ ز بنانے کا سلسلہ جاری

کنگسٹن۔ قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بزرگ کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار 99 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی اس طرح وہ قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلے بیٹسمین ہیں جو کسی بھی ایک اننگز میں 99 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وہ دنیا کے چھٹے بلے باز بن گئے جنہوں نے 42 سال کی عمر میں یہ کارنامہ بھی سرانجام دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کپتان مصباح الحق پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے ساتویں بیٹسمین بن گئے۔

مصباح الحق بطور کپتان 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی اور ایشیائی بلے باز بھی بن گئے،بیالیس سال کی عمر میں پانچ ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے معمر ترین کرکٹر کا اعزاز بھی مصباح کے نام ہو گیا۔ سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین یونس خان ہیں، وہ 116میچز میں10035رنز اسکورکر چکے، جاوید میانداد 8832، انضمام الحق8829، محمد یوسف7530، سلیم ملک5768 اور ظہیر عباس 5062 رنز بنا چکے۔یاد رہے کہ اسی میچ میں مصباح الحق کے ہم وطن یونس خان نے دس ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔دوسری جانب مصباح الحق بطور کپتان پانچ ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان ہی نہیں بلکہ ایشیا کے پہلے اور دنیا کے نویں بلے باز بن گئے ہیں۔ جس میں ان کی دس شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔ مصباح الحق نے کیرئیر کے 73 ویں ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں42 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا۔