بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / جرمنی کی چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت

جرمنی کی چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت

برلن ۔جرمن چانسلر انجیلامرکل نے چین کے ساتھ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سرہاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ہمہ پہلو تزویراتی پارٹنر شپ کو نئی تقویت ملنے کی توقع ہے ، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت کرتے ہیں ، اپنی جگہ وزیر معیشت و توانائی کوبیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں شرکت کے لئے بیجنگ بھیجوں گی ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق جرمن چانسلر انجیلامرکل نے برلن میں چین جرمنی سیکیورٹی اینڈ اسٹریٹجک مذاکرت کے تیسرے دور میں شرکت کے لئے سرکاری دورے پر جرمنی آنے والے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔

جس میں انہوں نے جرمنی اور چین کے تعلقات میں حاصل مثبت پیش رفت کی تعریف کی اور رواں سال سلسلہ وار تبادلوں سے دونوں ممالک کے ہمہ پہلو تزویراتی پارٹنر شپ کو نئی تقویت ملنے کی توقع رکھی۔انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیش کردہ دی بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت کی او ر کہا کہ اپنے شیڈول کی وجہ سے میں اپنی جگہ وزیر معیشت و توانائی کو دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں شرکت کے لئے بیجنگ بھیجوں گی۔انہوں نے فورم کے کامیاب انعقاد پر اپنی پر خلوص خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ رواں سال چین جرمنی سفارتی تعلقات کی پینتالیسویں سالگرہ ہے۔اس موقع سے فائدہ اٹھا کر چین جرمنی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو ایک نئی منزل تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

چین دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں جرمنی کی جانب سے آنے والے نمائندوں کو خوش آمدید کہے گا۔آئندہ دونوں ممالک کے درمیان سلسلہ وار اعلی سطح پر میل جول بڑھے گا۔ انہوں نے کہا چین کو امید ہے کہ اس سے کثیر الطرفہ نظام برقرار رکھنے ، اقوام متحدہ کے منشور کے تحفظ اور پر امن طریقے سے عالمی تنازعات کے حل سمیت واضح پیغام مل سکے گا ۔ تاکہ آزاد تجارتی نظام کے تحفظ، کھلی معیشت کی تعمیر اور گلوبلائزیشن کے صحت مندانہ فروغ کے حوالے سے نئے اتفاق رائے قائم ہو سکیں۔