بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / غیرت کے نام پر دوشیزہ کے قتل کا انکشاف

غیرت کے نام پر دوشیزہ کے قتل کا انکشاف


پشاور۔پشاور کے نواحی علاقے متنی میں گھرسے بھاگنے والی دوشیزہ کا سگے بھائی ٗ ہمشیرہ اور سوتیلی ماں کے ہاتھوں قتل ہونے کا انکشاف ہوا ہے پولیس نے ایک ماہ گھر کے گٹر سے دوشیزہ کی مسخ شدہ نعش برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے بعد مقامی قبرستان میں دفنادی جبکہ سوتیلی ماں کو گرفتار کرلیا جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایاکہ مقتولہ غیرت کے نام پر پھانسی دیکر قتل کیاگیا اور پھرنعش گٹر میں پھینک دی گئی اس ضمن میں ڈی ایس پی رحمت اللہ خان نے ’’آج ‘‘کو بتایاکہ اطلاع ملی کہ تقریباً ایک ماہ قبل متنی میں گھر سے فرار ہونیوالی دوشیزہ مسماۃ کائنات کو بھائی قیصر علی شاہ ولد عنایت علی شاہ نے اپنی ہمشیرہ مسماۃ شگفتہ اور سوتیلی ماں مسماۃ نگینہ کے ساتھ ملکر غیرت کے نام پر پھانسی دیکر قتل کیا ور نعش گھر کے گٹر میں پھینک کردی جس کانوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز علاقہ مجسٹریٹ اور خیبر میڈیکل کالج کی خصوصی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کادورہ کیا گیا اور ریسکیو 1122 کی مدد سے گٹر سے نعش نکلی گئی جو مکمل طور پر مسخ شدہ تھی ڈی ایس پی کے مطابق موقع پر ہی کے ایم سی کی ٹیم نے پوسٹ مارٹم کرکے نمونے حاصل کئے اور بعدازاں نعش مقامی قبرستان میں دفناد ی گئی ڈی ایس پی نے مطابق دوسری جانب چھاپہ مار سوتیلی ماں کو گرفتار کرلیاگیا۔

جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے ۔دوسری جانب پشاورپولیس نے متنی میں غیرت کی بھینٹ چڑھنے والی دوشیزہ سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے مقتولہ 12 سال کی عمر میں مبینہ طور پر اغواء ہوئی تھی اور بعدازاں اسے لاہور میں فروخت کیاگیا تھا کچھ عرصہ بعد پولیس نے چھاپہ مارکر مقتولہ کو لاہور سے برآمد کرلیا تھا جس کے بعد اسے والدین کے حوالے کردیاگیا تھا پولیس کے مطابق مقتولہ کے ایک سال قبل تھانے میں رشتہ دارو ں سے تحفظ اور انصاف کے حصول کیلئے درخواست بھی دی تھی جس کے بعد پھر خاموشی ہوگئی اور پھر کچھ عرصہ قبل وہ کسی کے ساتھ گھر سے بھاگ تھی ایک ماہ قبل واپس گھر آئی تو بھائی نے سوتیلی ماں اور ہمشیرہ کے ساتھ ملکر اسے پھانسی دیکر ٹھکانے لگادیا تھا ۔متنی پولیس نے سوتیلی ماں کی گرفتاری کے بعد قاتل بھائی اور بہن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے پولیس کے مطابق مختلف مقامات پرچھاپے مارے گئے ہیں لیکن تاحال دونوں ملزمان روپوش ہیں ڈی ایس پی کے مطابق بہت جلد دونوں کوگرفتار کرلیاجائیگا ۔