بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / لیہ میں باپ کی5 بچوں کو قتل کر نے کے بعد خود کشی

لیہ میں باپ کی5 بچوں کو قتل کر نے کے بعد خود کشی

لیہ / لاہور۔ لیہ کے نواح میں واقع چک نمبر 341 میں گھریلو حالات سے تنگ باپ نے 5 بچوں کو زہر دے کر خود بھی زہر پی لیا،محمد طارق نامی شخص کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔جمعرات کو پولیس کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ لیہ کے علاقے چوک اعظم کے قریب واقع چک نمبر 341 ٹی ڈی اے میں پیش آیا جہاں گھریلو حالات سے پریشان محمد طارق نامی شخص نے اپنے 5 بچوں کو زہر دے کر قتل کیا اور خود بھی زہر پی لیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں میں 4 بچیاں اور 1 بچہ شامل ہے جن کی عمریں 5 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ ان کی شناخت طیبہ، طیب، صبا، تنزیلہ اور شہناز کے ناموں سے ہوئی ۔ طارق کی بیوی صائمہ ایک سال قبل خلا لے کر اپنے میکے چلی گئی تھی اور اس نے دوسری شادی کر لی تھی، طارق خود اپنے بچوں کی کفالت کرتا تھا اور بچوں کی وجہ سے فکر مند رہتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

زہر پینے والے باپ محمد طارق کو تشویش ناک حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، بعدازاں انھیں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ خودکشی کرنے والے شخص کی والدہ کے مطابق طارق کی اہلیہ نے ایک سال قبل اس سے خلع لی تھی جس کی وجہ سے گھر میں ناچاقی تھی، دوسری جانب محمد طارق کا اپنے بھائی اور بھابھیوں سے بھی جھگڑا رہتا تھا جبکہ اس کے مالی حالات بھی ٹھیک نہیں تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لیہ میں 5 بچوں کو زہر دے کر جان سے مارنے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔