بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / فیس بک پر ویڈیوز چرانے والے ہوشیار ہوجائیں

فیس بک پر ویڈیوز چرانے والے ہوشیار ہوجائیں

سان فرانسسکو: ویسے تو سوشل میڈیا کےتمام پلیٹ فارمز پر ویڈیوز، تصاویر اور پوسٹس کی چوری کوئی نئی بات نہیں،تاہم اب چوری کرنے والے صارفین کی حوصلہ شکنی کے لیے سوشل ویب سائیٹس نے اہم اقدامات اٹھانا شروع کردئیے ہیں۔

فیس بک انتظامیہ نے ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کے حوالے سے پالیسی تبدیل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کسی کی ویڈیو چوری ہوجانے کی صورت میں پیسے چور کے بجائے اصل مالک کو ہی دئیے جائیں گے۔

اب اگر کوئی صارف کسی دوسرے کی ویڈیو چرانے کے بعد اپنے اکاؤنٹ سے اپ لوڈ بھی کرے گا تو پیسے اس کے بجائے ویڈیو کے اصل مالک کو ہی ملیں گے۔

فیس بک کے مطابق انہوں نے اپنے رائیٹس مینیجر سسٹم کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، اب اگر کسی بھی شخص کی ویڈیو چوری کی گئی تو اصل مالک کو اس کی معلومات فراہم کی جائے گی، جب کہ اصل مالک کو ویڈیوز کے مالکانہ حقوق حاصل ہونے کی بناء پردعویٰ کرنے کا بھی حق دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ فیس بک ان صارفین یا پیجز کو ویڈیوز کے پیسے فراہم کرتا ہے، جو فیس بک کی جانب سے تسلیم شدہ ہوں، ان کے بنائے گئے ویڈیوز پر ان کا آئیکن آجاتا ہے، جس وجہ سے ان کے ویڈیوز چوری کرنا آسان نہیں ہوتا، تاہم پھر بھی ایسی ویڈیوز کی چوری جاری تھی۔

ویڈیوز کی بڑھتی ہوئی چوری کو دیکھتے ہوئے فیس بک نے اپنے رائیٹس سسٹم کو تبدیل کرتے ہوئے چوری شدہ ویڈیوز کے پیسے بھی اصل مالک کو ہی دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان ویڈیوز کے اشتہارات سے ہونے والی آمدنی کا 45 فیصد حصہ فیس بک کا ہوتا ہے۔