بریکنگ نیوز
Home / کھیل / خیبر پختونخوا گیمز میلہ پشاور نے لوٹ لیا

خیبر پختونخوا گیمز میلہ پشاور نے لوٹ لیا

پشاور ۔ انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کی اختتامی تقریب گزشتہ روز پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل محمود خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ سیکرٹری سپورٹس طارق خان ‘ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل سعید صافی‘ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود‘ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی سمیت تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز کے صدور و سیکرٹریز اور بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تقریب میں شرکت کی ‘نتائج کے مطابق انڈر23 گیمز کی اوور آل ٹرافی پشاور نے اپنے نام کی پشاور نے مجموعی طور پر 53 گولڈ‘20 سلور ‘20 برانز میڈلز اور 2648 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ‘مردان نے انیس گولڈ‘پندرہ سلور اور ستائیس برانز میڈلز کیساتھ دوسری ‘ہزارہ نے دس گولڈ‘اکیس سلور اور اٹھارہ برانز میڈلز کیساتھ تیسری ‘بنوں نے سات گولڈ‘چھبیس سلور اور گیارہ برانز میڈلز کیساتھ چوتھی‘سوات نے دو گولڈ‘چار سلور اور سترہ برانز میڈلز کیساتھ پانچویں ‘ڈی آئی خان نے آٹھ گولڈ ‘دو سلور اور اٹھارہ برانز میڈلز کیساتھ چھٹی اور کوہاٹ نے تین گولڈ‘نو سلور اور نو برانز میڈلز کیساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی‘گزشتہ روز پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں ہونیوالے فٹبال کے فائنل میچ کے موقع پر ڈی جی افغان مہاجرین وقار معروف مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ سیکرٹری باسط کمال سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

‘گزشتہ روز ہونیوالے فٹبال کے فائنل میں سوات نے ہزارہ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی ‘خواتین کے ہاکی کے فائنل میں پشاور نے مردان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی اس موقع پر انٹرنیشنل ہاکی پلیئر و کوچ سید ضیاء الرحمان بنوری مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ‘نیٹ بال کے فائنل میں سوات نے مردان کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی اس موقع پر میڈم گلنار اور سیکرٹری نادیہ چمکنی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے کرکٹ کے فائنل میں مردان نے ٹرافی اپنے نام کی ہزارہ کی ٹیم رنر اپ رہی ‘ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس پشاور بورڈ منظر خان ‘کوچ پرویز خان بھی موجود تھے‘ووشو کے فائنل میں ہزارہ نے پہلی ‘پشاور نے دوسری اور مردان نے تیسری پوزیشن حاصل کی اس موقع پر ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

گزشتہ روز اختتامی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر کھیل محمود خان نے اوور آل ٹرافی ڈی ایس او پشاور سلیم رضا کو حوالے کی جبکہ اس موقع پرڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ‘میڈم گلنار‘ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی ‘سیکرٹری سپورٹس طارق خان ‘ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل سعید صافی سمیت دیگر شخصیات کو ان خدمات پر سووینئر بھی دئیے گئے ‘اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور صوبہ بھر میں کھیلوں کے میدان بنائے جارہے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہر سال کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملتے رہیں انہوں نے بہترین گیمز کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ‘ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل سعید صافی نے اپنے خطاب میں کھیلوں کے مقابلوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سات ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے ان مقابلوں میں شرکت کی اور آئندہ اس سے بھی زیادہ شرکت کریں گے انہوں نے اعلان کیا کہ نومبر میں دوبارہ انڈر23 گیمز کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہیں۔