بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاکستان‘ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اتوار شروع ہوگا

پاکستان‘ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اتوار شروع ہوگا

بارباڈوس۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ اتوار سے برج ٹاؤن، بارباڈوس میں شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 0-1کی برتری حاصل ہے، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا، پاکستان نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 0-2سے اپنے نام کریگی ‘دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10 مئی سے شروع ہوگا۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول تین ٹیسٹ کرکٹ میچوں کی سیریز میں عالمی درجہ بندی میں پانچواں نمبر بچانے کا چیلنج درپیش ہو گا۔

گرین شرٹس کو اب ویسٹ انڈیز ٹیم سے ایک اور میچ جیتنا ہے اور جیت کی صورت میں پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائیگی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے برج ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بھرپور ٹریننگ کی۔ ٹریننگ سیشن کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر زور دیا گیا۔ پاکستان کو 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔