بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جے آئی ٹی کیلئے بھیجے گئے نام مسترد

جے آئی ٹی کیلئے بھیجے گئے نام مسترد

اسلام آباد۔ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے پر بنائی جانے والی جے آئی ٹی کے لیے سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کی جانب سے دیئے گئے ناموں کو مسترد کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک اور چیئر مین ایس ای سی پی کو طلب کرلیا‘ عدالت نے دونوں اداروں کے گریڈ 18کے افسران کی فہرست بھی طلب کرلی ۔ بدھ کو پانامہ کیس فیصلہ پر عمل درآمد کے حوالے سے جے ائی ٹی کی تشکیل کے لیے کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سماعت پر عدالت نے سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کی جانب سے دیئے گئے ناموں کو مسترد کرتے ہوے گورنر سٹیٹ بینک اور چیئرمین ایس ای سی پی کو طلب کرلیا ۔

عدالت نے کہا کہ جے آئی ٹی کے لیے ناموں کا انتخاب سپریم کورٹ کرے گی۔ جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک اور چیئرمین ایس ای سی پی نے جو نام بھجوائے وہ شک و شبے سے بالا نہیں۔ ہر کام شفاف انداز میں ہونا چاہئے۔ ایسے افراد چاہئیں جن کا کردار ہیرے جیسا ہو ۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ ہمارے ساتھ کھیل نہ کھیلا جائے کسی کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنیں گے۔ جے آئی ٹی ممبران پر عدالت کا اعتماد ضروری ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔